• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کیساتھ ہے، خدا بخش لانگو

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے بلوچستان کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے حکومت اور دیگر اداروں کی طرح پاک فوج نے متاثرین کی مدد کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے کمانڈر 12 کور کوئٹہ اپنے 6 ساتھیوں سمیت متاثرین کی مدد کے لئے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے وفاق اور صوبے سے ملنے والے اپنے فنڈز کن علاقوں میں متاثرین کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہے ہیں عوام کے سامنے لائے جائیں، انہوں نے وفاق کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تمام ادارے متحد ہوکر اس مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کو گھمبیر صورتحال سے نکالیں یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ متاثرین کی مددکا ہے۔ یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کرنا افسوسناک امر ہے کسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنانا آسان ہے لیکن 44 فیصد رقبے پر پھیلا ہوا وسیع و عریض بلوچستان قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں فوری سامان پہنچانا آسان نہیں حکومت اور ادارے اپنے فرائض کی بجا آوری میں دن رات تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں پاک فوج نے ہمیشہ قدرتی آفت یا کسی بھی مصیبت کے وقت ملک اور قوم کی خدمت کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے بلوچستان میں بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔ موسم کی خرابی اور پے درپے بارشوں کے خطرناک ترین اسپیل آرہے ہیں جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں اور متاثرین کے مسائل کے حل انفراسٹرکچر کی بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔ صوبائی حکومت اپنے فرائض سے غافل نہیں اس لئے اس مصیبت اور مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت اور پاک فوج کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
کوئٹہ سے مزید