• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں، PTI

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے تمام شہدا ء کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ خدمت خلق کے لئے نکلے تھے ،ان کے قربانیوں کا احترام کرتے ہیں ،اداروں کو بدنام کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں۔ 

اس وقت سوشل میڈیا پر کسی کا کنٹرول نہیں ، کسی جماعت پر الزام نہیں لگایا جاسکتا ، پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنرل سر فراز ایک قابل تعریف فوجی آفیسر تھے، ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاک فوج کے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے ، پاک فوج نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت قربانی دی ہیں ، پاکستان کی بقا ء کے لئے فوج کا بہت اہم کردار ہے ، ملک کو قدرتی اور ناگہانی آفات سے بچانے کے پاک فوج نے بھر پور کردار ادا کیا ہے اور ملک کے خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے ۔ 

شاہ محمود قریشی نے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مہم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مہم چلانے والے تنگ نظر ہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں یہ افسوس ناک عمل ہے۔

ایسا نہیں ہونا چاہیے ،مسلم لیگ (ن) اس معاملے پر سیاست کررہی ہے ،ماضی میں خوداداروں پر تنقید کرتے تھے اور اب محافظ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں جعلی اکائونٹس کے ذریعے انتشار پھیلانے اور ایک بیانہ بنانے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

ملک کچھ ایسی قوتیں موجود ہیںجوپاک فوج پر تنقید کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے ،سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے یہ سب کچھ کیا جاتاہے ،میں سمجھتا ہوں ملک کے ادروں کے ساتھ سیاست نہیں کرنی چاہیے ،اس افسوس ناک واقعے پر سیاست کرنا تشویش ناک عمل ہے ۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ پاکستا ن تحریک انصاف کی پالیسی نہیں کہ ملک کے اداروں کو بدنام کیاجائے ، اس وقت سوشل میڈیا پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے کسی جماعت پر الزام نہیں لگایا جاسکتا۔

پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہے ، سوشل میڈیا پر جو لوگ اس مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں وہ پاکستان کی عام شہری ہیں ان کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا ، اس میں زیادہ تر فیک اکائونٹس ہیں ہمیں اس کو مد نظر رکھتے ہوئے بات کرنی چاہیے ۔

اہم خبریں سے مزید