• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن پر 90 کروڑ اخراجات کا تخمینہ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں 25 ستمبر کو ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، جن پر زیادہ سے زیادہ 90 کروڑ کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے،عمران 9 حلقوں سے الیکشن جیتے تو 8 پر دوبارہ ضمنی انتخابات میں 50 سے 90 کروڑ کے اخراجات آئینگے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، اُن کی کامیابی کی صورت میں ان حلقوں میں دوبارہ ضمنی الیکشن ہوگا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی ایک حلقے میں الیکشن کے اخراجات کا کم از کم تخمینہ 5سے 10 کروڑ روپے ہے، اس طرح 9 حلقوں پر 50سے 90 کروڑ روپے خرچ ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حساس اور دور دراز علاقوں پر مشتمل حلقے میں الیکشن اخراجات 10 کروڑ تک پہنچ جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کے اخراجات میں بیلٹ پیپرز، فارمز، بیلٹ بیگ، بیلٹ مواد کی خریداری، پرنٹنگ، آئی ٹی سامان، ٹرانسپورٹ، فیول، پولیس، رینجرز اور فوج کی سیکیورٹی تعیناتی، الیکشن عملے کی تربیت اور اعزازیہ شامل ہے۔

عمران خان کے تمام 9حلقوں سے کامیابی کی صورت میں انہیں 8حلقوں کو چھوڑ کر ایک کا انتخاب کرنا ہوگا جبکہ وہ میانوالی کی نشست سے پہلے ہی رکن قومی اسمبلی ہیں۔

عمران خان کے الیکشن جیتنے کی صورت میں قومی اسمبلی 9حلقوں پر دوبارہ ضمنی الیکشن ہوگا اور اس صورت میں ایک مرتبہ پھر الیکشن پر 50 سے 90کروڑ روپے تک اخراجات آئیں گے ۔

اہم خبریں سے مزید