کراچی غربی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے نواحی گوٹھ میں مبینہ طور پر والد کے تشدد سے ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ فرخ رضا کے مطابق واقعہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود عبدالرحیم گوٹھ میں ڈگری کالج کے قریب گھر میں پیش آیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ڈھائی سالہ کمسن بچے محمد علی کی لاش میڈیکل کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
فرخ رضا نے بتایا ہے کہ ملزم عبدالعزیز کھچی لاڑکانہ سے تعلق رکھتا ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے، جس نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ بچے کو اس نے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ اس کا بیٹا بیماری کی وجہ سے انتقال کر گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی بچے کی موت کی وجہ سامنے آ سکے گی۔