• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسودہ زندگی گزارنے کے خواہشمند سری لنکا کے 10 کھلاڑی برطانیہ میں لاپتہ

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) معاشی بحران سے دوچار ملک سری لنکا کے کھلاڑی برطانیہ میں آسودہ زندگی گزارنے کی خواہش میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں، دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے میں شریک دستے کے یہ دس ارکان برمنگھم میں لاپتہ ہوئے ہیں۔ سری لنکا کی کھیلوں کی باڈی نے ان کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دستے کے ارکان مبینہ طور پر برطانیہ میں رہنے کی کوشش میں فرار ہوگئے ہیں۔ ان میں سے تین کھلاڑی گزشتہ ہفتے لاپتہ ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سری لنکن آفیشلز نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان تین کے بعد سات مزید ارکان لاپتہ ہوگئے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان کے نام ظاہر نہیں کئے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ دستے کے لاپتہ ہونے والے ارکان ممکنہ طور پر ملازمت حاصل کرنے کیلئے برطانیہ میں رہنا چاہتے ہیں۔160رکنی سری لنکن دستے کی انتظامیہ کے پاس تمام ارکان کے پاسپورٹ جمع ہیں تاکہ تمام ارکان ملک واپس جائیں۔ تاہم مذکورہ اقدام بھی دستے کے کچھ ارکان کو برطانیہ میں فرار ہونے سے نہیں روک سکا۔ برطانوی پولیس نے پہلے لاپتہ ہونے والے تین افرد کو ڈھونڈ نکالا تاہم انہوں نے کسی مقامی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی اور ان کے پاس چھ ماہ تک کا کارآمد ویزہ موجود ہے اس لیے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سری لنکن عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے انتظامیہ کے پاس موجود ان کے پاسپورٹ ان کو واپس دلائے۔ ان کے مطابق پولیس نے ان کے لوکیشن کے بارے میں ہمیں کچھ نہیں بتایا۔ ماضی میں بھی سری لنکا کے ایتھلیٹس بین الاقوامی مقابلوں سے لاپتہ ہوتے رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید