• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9ویں محرم کا جلوس نکالا گیا، بڑی تعداد میں عزاداروں کی شر کت

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، خصوصی نمائندہ ) 9 محرم کو مرکزی جلوس علم و ذوالجناح مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے نکالا گیا جس میں علماء کرام، ذاکرین اور عزاداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا نماز عشاء کے بعد امام بارگاہ جی سکس ٹو میں ہی اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے آغاز سے قبل مجلس عزا ہوئی جس میں علامہ بشارت امامی نے شہید کربلا کی شان بیان کی،جلوس کے اختتام پر شام غریباں منعقد کی گئی ۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما علامہ بشارت حسین امامی نے کہاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین نے بیعت یزید کے سوال پر کہا کہ میرے جیسا تیرے جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ بشارت امامی نے کہا کہ 10 محرم کو امام حسین نے اپنے 72 جانثاروں کے ساتھ قربانی پیش کی۔امام حسین حریت کی تحریکوں کا محور ہیں ،کشمیر و فلسطین کی تحریکیں کربلا سے جلا لیتی ہیں، وطن عزیر کے مسائل سے کا حل بھی پیغام حسین کو اجاگر کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کالعدم لوگوں کو پابند کرنے کی بجائے عزاداروں پر مقدمات بنا رہی ہے, دہشت گردوں کو فورتھ شیڈول میں ڈالا جائے عزاداروں کو پابند نہ کیا جائے۔ وطن ہمیں ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے۔عزاداری پر کوئی پابندی قبول نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈا پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ دریں اثناءشیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحد ی، سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، علامہ فرحت عباس جوادی ،مولانا رضوان علی گردیزی ، سید محمد علی کاظمی و دیگر علماءکرام و کارکنوں نے مرکزی جلوس علم و ذوالجناح میں شرکت کی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئین کے مطابق عزاداری سید الشہداءشہری آزادیوں کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کے آئین کے مطابق تمام مکاتب فکر کو اپنے عقائد کے مطابق شہری آزادیوں سے استفادہ کرتے ہوئے عبادات اور رسومات اداکرنے کی مکمل آزادی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مکاتب فکر نواسہ رسول کا غم منا رہے ہیں اس لئے کہ نواسہ رسول اُمت میں نکتہ وحدت ہیں ۔ علامہ عارف واحدی نے اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر حملوں اور بھارت کی جانب مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم اور سرینگرمیں آٹھویں محرم کے جلوس پر بے جا تشدد کی مذمت کی۔
اسلام آباد سے مزید