• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامن ویلتھ گیمز کے ہیروز کی وطن آمد شروع، زبردست استقبال، دو پاکستانی باکسرز برمنگھم میں لاپتہ

کراچی/برمنگھم(اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ خصوصی)کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ہیروز کی وطن واپسی شروع ہوگئی۔ سلور میڈلسٹ زمان انور، محمد شریف طاہر اور برانز میڈلسٹ اسد علی بدھ کو برمنگھم سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان میں قومی ہاکی ٹیم، اسکواش، سوئمنگ کے کھلاڑی شامل ہیں۔ دستے کے بیشتر کھلاڑی اسلامک گیمز میں شر کت کے لئے کونیا ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ قومی ریسلرز نے وطن واپسی پر استقبال پر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈی جی اسپورٹس کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا، کامن ویلتھ میڈلسٹ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے گولڈ میڈلسٹ کو 50 لاکھ، سلور کو 20 اور برانز میڈلسٹ کو 10 لاکھ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔دریں اثنا پاکستان کے دو باکسر سلیمان بلوچ اورنذیراللہ انگلینڈ میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ بقیہ باکسر بدھ کو وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ دونوں باکسرز کو منگل کو وطن واپس آنا تھا ۔ کامن ویلتھ فیڈریشن نے اس واقعے کی پولیس کو باضابطہ رپورٹ کردی ہے۔ جلد اس معاملے کی تحقیقات شروع ہوںگیبرطانوی حکام الرٹ ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن برمنگھم میں پاکستانی قونصل خانے سے رابطے میں ہے۔ دو ماہ میں ایتھلیٹس کے لاپتہ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جون میں سوئمر فیضان اکبر غائب ہوگئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلمان بلوچ اور نذیر اللہ کے سفری دستاویز ٹیم مینجمنٹ کے پاس ہیں ۔ اس سے قبل سری لنکا کے دس کھلاڑی لاپتہ ہوئے تھے۔ باکسنگ اسکواڈ کی وطن واپسی ہوچکی ہے۔ باکسرز سلمان بلوچ اور نذیراللہ خان کی ساتھیوں سے آخری ملاقات منگل کی صبح ناشتے پر ہوئی تھی، دن بارہ بجے ایئرپورٹ روانگی کیلئے باکسرزنے کوچ کو رپورٹ نہیں تو کھلبلی مچ گئی۔ تاخیر پر کمروں کا دروازہ توڑا گیا، سامان موجود تھا، باکسرز غائب تھے ۔ باکسرز کی گمشدگی پر پی او اے نے چار رکنی کمیٹی بنادی ہے۔ چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ہینڈبال فیڈریشن کے صدر محمد شفیق کریں گے۔ آرمی اسپورٹس بورڈ کے سیکریٹری کرنل صدف اکرم ، باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل ناصر تونگ اورپاکستان اسپورٹس بورڈ کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔