• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اسکالرز کیلئےامریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کا ایوارڈ

جامعہ کراچی، فائل فوٹو
جامعہ کراچی، فائل فوٹو

پاکستانی اسکالرز نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تحت اپنی تحقیق پر پال ڈیوڈلے وائٹ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

جامعہ کراچی میں واقع انٹرنیشنل سینٹر برائے حیاتیاتی و کیمیائی علوم (آئی سی سی بی ایس) سے وابستہ ذیلی ادارے، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم وقاص احمد نے حال ہی میں امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سے ’پاول ڈیوڈلے وائٹ انٹر نیشنل اسکالر ایوارڈ‘ اپنے نام کیا ہے۔

اس حوالے سے آئی سی سی بی ایس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وقاص احمد اور ان کے معاون مصنفین کو امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل اسکالر ایوارڈ ان کی تحقیق کی اعلیٰ درجے کی تلخیص (ایبسٹریکٹ) تحریر کرنے پر دیا ہے۔

وقاص احمد کے معاون مصنفین میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عرفان خان، ڈاکٹر محسن خان، ردا ماریہ قاضی اور ربیعہ منیر کے نام شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کی صلاحیت کا اعتراف امریکا کے شہر شکاگو میں 25 سے 28 جولائی کے دوران منعقد ہونے والے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے بیسک کارڈیو ویسکولر سائنسز کے سائینٹیفک سیشن 2022ء میں محققین کے کام کی نمائش سےکیا گیا۔

اس شاندار کامیابی پر شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ماہرین کو مبارکباد دی ہے۔

واضح رہے کہ وقاض احمد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ 


خاص رپورٹ سے مزید