• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوران ڈکیتی مزاحمت پر بھائی کے سامنے بھائی قتل، لاکھوں کی چوریاں، ڈاکے

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری دوگاڑیوں ایک ٹریکٹر،29موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء سے محروم ہوگئے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں لاکھوں کی نقدی، زیورات ، پرائز بانڈز، مال مویشی اوردیگر سامان کے علاوہ ایک گاڑی اور 25 موٹرسائیکل اڑا لیے گئے۔ ڈکیتی دوران مزاحمت پر بھائی کے سامنے بھائی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا،تھانہ سہالہ کے علاقے ٹی کراس میں نامعلوم ڈاکوؤں نے عثمان اسلم کی ٹک شاپ پر اسلحہ کی نوک پر واردات کے دوران عرفان اسلم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیااوردکان سے رقم چھین کر فرار ہوگئے۔تھانہ بنی کے علاقہ میں محمد عدیل اپنی بیوی کے ہمراہ بائیک پر جارہاتھاکہ 2نامعلوم افراد اسلحہ کی نوک پر انہیں روک کر اس کی بیوی سے طلائی زیورات مالیتی 8لاکھ روپے اور 20ہزار روپے چھین کرلے گئے۔تھانہ صدربیرونی کے علاقہ اڈیالہ روڈپر شا ہد فضل ایک سواری کو پیرودھائی سے لے کر گلشن آباد اڈیالہ روڈ آیا جہاں نامعلوم شخص نے سواری سے موبائل وپرس اور شناختی کارڈ اورشا ہد سے چھری دکھاکرموبائل چھین لیا۔تھانہ گنج منڈی کے علاقہ سٹی صدرروڈپر عامر کے گودام سے 110 میزائل موٹریں مالیتی 20لاکھ چوری ہوگئیں۔تھانہ بنی کے علاقہ مری روڈپر محمد خلیل کی جیولری شاپ سے 2نامعلوم عورتیں زیور مالیتی 8لاکھ41ہزارروپے چوری کر کے لے گئیں۔تھانہ ویسٹریج کے علاقہ خالد بن ولید روڈ پر اشرف خان کی دکان کے تالے توڑکر40 ہزار روپے اور بجلی کی تاریں مالیتی14 لاکھ روپے چوری کر لی گئیں۔تھانہ مورگاہ کے علاقہ ڈھوک صوبیداراں میں عاطف حسین کے گھر کی الماری سے 2 لاکھ روپے اورطلائی زیورات مالیتی ساڑھے تین لاکھ روپے چوری ہوگئے۔تھانہ روات کے علاقہ بھمبلی گا ئوں میں صادق رضا کے گھرسے دوتولے کے زیورات، دوپنکھے ،واشنگ مشین اوردیگرسامان چوری ہوگیا۔رمنا کے علاقے میراآبادی میں محمد شکیل سے نقدی ،لائسنس ،سونا اور گھڑیاں، تھانہ آئی نائن کے علاقے کٹاریاں میں سلیمان اور ان ساتھیوں سے اسلحہ کی نوک پر موبائلز اور نقدی،آبپارہ کے علاقے میں ایک شہری سے نقدی اور پرائز بانڈز اڑا لیے گئے۔دیگر وارداتیں تھانہ سٹی،گنج منڈی ، رتہ امرال، وارث خان ، نصیرآباد، ٹیکسلا، واہ کینٹ ، دھمیال ، پیرودھائی ، نیوٹاؤن ، کینٹ ویسٹریج ، سول لائنز، تھانہ صادق آباد، آراے بازار،سول لائنز ،صدربیرونی ، دھمیال ،روات، ترنول ، شہزاد ٹاؤن ،کھنہ ، بھارہ کہو ،،آبپارہ ، کورال ،سبزی منڈی ،کوہسار، آئی نائن،لوہی بھیر کی حدود میں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید