برمنگھم (نمائندہ جنگ) برطانوی کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی پر راجہ فہیم کیانی صدر تحریک کشمیر برطانیہ اور مفتی فضل احمد قادری سرپرست کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کی قیادت میں بھارتی قونصلیٹ برمنگھم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت کو پیغام دیا کہ جب تک بھارت کشمیر پر اپنا فوجی قبضہ ختم نہیں کرتا اس وقت تک کشمیر ی بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے ۔ مظاہرین نے کشمیر کی آزادی اور بھارت کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرہ میں سابق ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان عبدالرشید ترابی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ مہمان خصوصی عبدالرشید ترابی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیر کا بچہ بچہ اپنی آزادی کی منزل کے حصول کے لیے پُرعزم ہے ، مودی نے بندوق کی نوک پر بھارتی یوم آزادی کے موقع پر گھر گھر ترنگا لہرانے کی مذ موم کوشش کی جسے کشمیریوں نے یکسر مسترد کر دیا، ہر کشمیری کے دل میں حریت و آزادی کا عَلم پہلے سے زیادہ بلند ہے، عالمی برادری نے کشمیر پر مودی کے جبری شکنجے کو نہ توڑا تو یہ شخص ہٹلر ثانی بنتے ہوئے جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ میں دھکیل سکتا ہے جس کے نتیجے میں ساری دنیا کا امن خطرات سے دو چار ہوسکتا ہے، محمد غالب صدر تحریک کشمیر یورپ ، خواجہ سلیمان ، چوہدری اکرام الحق ، فاروق القادری ، بشیر رٹوی ، سید عاشق حسین کاظمی ، محمد نواز ، مفتی فاروق چشتی ، برمنگھم ٹریڈ یونین کے رہنما مارٹن ہور ، این اسکاٹ اسٹاپ دی وار کولیشن کے رہنما سٹیورٹ رچرڈ سن ، شیریں خان ،برٹش کشمیر فورم کے نائب حسین مغل، آسیہ حسین اور دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے نہتے کشمیر یوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ بھارت اپنا یوم آزادی ضرور منائے مگر اسے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق آزادی بھی تسلیم کرنا ہو گا۔ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق دلائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔