• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی کارستانیاں قوم کے سامنے ہیں، قمر زمان کائرہ

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور  پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کارستانیاں قوم کے سامنے ہیں، امریکی سازش کے جھوٹے بیانیے سے قوم کو بےوقوف بنانےکی کوشش کی گئی۔

قمر زمان کائرہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان آئے روز نئے نئے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں، قانون کی بالادستی کی بات کرنے والےخان صاحب خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوامی مقبولیت کھونے کے بعد اداروں کےخلاف محاذ کھول رکھا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس کو چاہتے تھے اس کی پگڑی اچھالتے تھے، زرداری صاحب نے آپ سے کوئی ریلیف نہیں مانگا تھا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہم نےکہا تھا پاکستان کو بچانے کیلئے آئیں مل کر میثاق معیشت کرتے ہیں، آپ نیب کو ذاتی مقاصد اور مخالفین کو توڑنے کیلئے استعمال کرتے رہے۔

وزیر اعظم کے مشیر  نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کی باتیں کرنے والے کے دور کو میڈیا کا بد ترین دور کہا گیا ہے، اصل مسئلہ یہ تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کا خان صاحب کو پتا تھا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تحائف آپ نے لے کر مارکیٹ میں فروخت کردیے، تحائف فروخت کرنا جرم نہیں ہے لیکن اخلاقی طور پر یہ جرم ہے۔

قومی خبریں سے مزید