• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ دیگر تمام میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ صرف پولنگ اسٹیشن نمبر 143 میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹے بڑھایا گیا تھا۔ 

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کی یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پولنگ اسٹیشن 143: ووٹنگ کیلئے 1 گھنٹے کا اضافہ

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پولنگ روک دی گئی تاہم بعد میں ووٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی جبکہ پولنگ کے وقت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 143 میں اس وقت بے نظمی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جب سیاسی جماعتوں کی جانب سے فارم 45 پر پہلے سے دستخط کرانے کا الزام عائد کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے مذکورہ پولنگ اسٹیشن میں پولنگ روکنے کا مطالبہ کر دیا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکن وہاں پہنچ گئے، صورتِ حال کشیدہ ہونے پر پولیس کی نفری بھی طلب کر لی گئی۔

سولجر بازار کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پولنگ رکوا دی گئی تاہم بعد میں حکام کی جانب سے گفتگو کے بعد وہاں پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا۔

اس حوالے سے ڈی آر او علی اصغر سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پریزائیڈنگ افسر کو تبدیل کیا ہے، جو وقت خراب ہوا ہے، اس کے بدلے مزید وقت دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریزائیڈنگ افسر نے جو فارم ہمیں دیا اس پر دستخط نہیں تھے، فارم 45 پر دستخط کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ڈی آر او علی اصغر سیال کا یہ بھی کہنا ہے کہ سولجر بازار کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 پر پولنگ کے وقت میں 1 گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پولنگ مقررہ وقت 5 بجے کے بجائے 6 بجے تک ہو گی۔

80 سالہ بزرگ نے بذریعہ وہیل چیئر آ کر ووٹ ڈالا

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے245 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں 80 سال کے بزرگ نے وہیل چیئر پر پولنگ اسٹیشن آ کر اپناووٹ کاسٹ کیا۔

مذکورہ بزرگ شہری بیٹے کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج محمود آباد پہنچے تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار—فائل فوٹو
ڈاکٹر فاروق ستار—فائل فوٹو

2018ء میں میری لیڈ تھی، جتوایا عامر لیاقت کو گیا: فاروق ستار

سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 2018ء میں این اے 245 میں میری لیڈ تھی لیکن عامر لیاقت کو جتوایا گیا تھا۔

سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی، این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے پہلی بار الیکشن لڑ رہا ہوں، یہ اہم انتخاب ہو گا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں میں مافیا اور پیدا گیر بیٹھے ہیں، آج بھی حلقے کی گلیوں میں پانی جمع ہے، جس کے باعث لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس الیکشن سے کراچی کی سمت کا تعین ہو گا، بلدیاتی نظام پر حکومت نے سب کو لالی پاپ دیا ہے۔

1 پولنگ اسٹیشن پر میڈیا کو کوریج سے روکا گیا

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں سب انسپکٹر نذیر احمد کی جانب سے پولنگ اسٹیشن نمبر 129 خداداد کالونی میں میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا۔

سب انسپکٹر نذیر احمد کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ ہمارے پاس میڈیا کو کوریج کی اجازت دینے کا کوئی لیٹر نہیں ہے۔

سب انسپکٹر نے الیکشن کمیشن کا اجازت نامہ ماننے سے بھی انکار کر دیا۔

میڈیا کو کوریج کی اجازت ہے: ڈی آر او

الیکشن کمیشن کے ڈی آر او علی اصغر سیال کا کہنا ہے کہ این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں میڈیا کو پولنگ اسٹیشن پر کوریج کی اجازت ہے۔

یہ بات ڈی آر او علی اصغر سیال نے پولنگ اسٹیشن نمبر 23 اور 25 پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کا عملہ بروقت موجود تھا، جہاں پولنگ ایجنٹس نہیں پہنچے وہاں سیکیورٹی انچارج کے سامنے باکس سیل کیے جاتے ہیں۔

ڈی آر او علی اصغر سیال نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 25 پر اب تک ایک ووٹ کاسٹ ہوا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ میں تاخیر

پولنگ اسٹیشن نمبر 88، 89، 125 اور 130 خدادا دکالونی میں ووٹنگ میں تاخیر ہوئی۔

پریزائیڈنگ افسران کے مطابق پولنگ ایجنٹس کے نہ آنے کی وجہ سے ان پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 125 اور 130 کے پریزائیڈنگ افسرکا کہنا تھا کہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کا انتظار ہے، ان کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل ہوں گے۔

دوسری جانب پولنگ اسٹیشن نمبر 88 اور 89 کے پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے پولیس کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل کر دیے گئے۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 137 میں اب تک 8 ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 138 میں اب تک کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 59 پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں پونے 2 گھنٹے بعد پہلا ووٹ کاسٹ ہوا جبکہ اس دوران خواتین کے پولنگ بوتھ پر کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔

ہنگامہ آرائی برداشت نہیں ہو گی: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ این اے 245 کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی اور مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں، قانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد رہیں، پولنگ میں بدامنی پھیلانے پر موقع پر گرفتاری کی جائے۔

انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلا امتیاز اور بلا تفریق ہر خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا مزید کہنا ہے کہ عوام افواہوں پر یقین نہ کریں، مصدقہ معلومات اور شکایات کے لیے صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ این اے 245 میں ہرصورت میں شفاف اور پرامن ضمنی الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

اعجاز چوہان کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا ہے۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی الیکشن کمشنر سندھ کے ساتھ تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمشنرسندھ اعجازانور چوہان نے کہا کہ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بےبنیاد ہیں، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نےبہت اچھا انتظام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی اس پُرامن طریقہ کارکو خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، کے الیکٹرک سے کہا ہے کہ آج کسی پولنگ اسٹیشن پر لوڈشیڈنگ نہ کریں۔

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ بروقت تمام پولنگ اسٹیشنز پر موجود تھا، ڈی آر او اور ان کی ٹیم بھی متحرک ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا، ماحول سازگار ہے، عوام باہر نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔

چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ این اے 245 کے آج کے ضمنی انتخابا ت میں ابھی ووٹرز ٹرن آؤٹ کم ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حیدرآباد میں بے تحاشہ بارش ہوئی ہے، 23 سے 25 اگست کو بارش کے ایک اور اسپیل کا امکان ہے، بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہیں۔

آ ئی جی سندھ غلام بنی میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے پر پابندی ہے، کوئی اسلحے کے ساتھ حلقے میں نہیں آ سکتا۔

201 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار

اس حلقے میں موجود کُل 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں۔

این اے 245 میں پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات ہے۔

MQM اور PTI  میں کانٹے کا مقابلہ

حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں۔

اس حلقے میں ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔

تحریکِ لبیک کے محمد احمد رضا، پاک سر زمین پارٹی کے سید حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد بھی امیدوار ہیں۔

پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا اور دیگر علاقوں کے لوگ آج اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید