• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی جے پی رہنما سونالی فوگت کو زیادتی کے بعد زہر دے کر مارا گیا: بھائی کا دعویٰ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بھارتی معروف ریئیلٹی شو بگ باس سیزن 14 میں حصہ لینے والی، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما سونالی فوگت کی اچانک موت کا معمہ حل نہیں ہو پایا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 22 اگست کو گوا میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کر جانے والی سیاستدان اور اداکارہ کی موت کا معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔

اداکارہ کے بھائی رنکو ڈھاکا کی جانب سے سونالی فوگت کے ملازم اور دوست پر قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔

سونالی فوگت کے بھائی رنکو ڈھاکا نے بہن کے پرسنل سیکریٹری پر قتل اور زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے پولیس کو درخواست جمع کرائی ہے۔

سونالی فوگت کے بھائی رنکو نے انکشاف کیا ہے کہ جس رات میری بہن کی موت واقع ہوئی اُس رات سونالی نے مجھے کال کر کے بتایا تھا کہ اُنہیں کھانے میں کچھ دیا گیا ہے اور اُنہیں گھبراہٹ ہو رہی ہے۔

رنکو ڈھاکا نے سونالی کی اچانک موت پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری بہن کے پرسنل سیکریٹری سدھیر اور اُن کے دوست سکھویندر نے سونالی کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر زہر دے کر قتل کیا ہے۔

سونالی فوگت کے بھائی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 سے 3 برسوں سے میری بہن کو نشے والی چیزیں دی جا رہی تھیں اور نشے کی حالت میں بہن کی ویڈیوز بنا کر اُنہیں بلیک میل بھی کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی 41 سالہ سیاست دان اور اداکارہ سونالی کی ایک بیٹی بھی ہے جبکہ اِن کے شوہر سنجے فوگت 2016ء میں انتقال کر گئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید