پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاک، بھارت میچ کو ہم بھی دونوں ممالک کے لوگوں کی طرح انجوائے کرتے ہیں۔
دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ہر کوئی اچھا کھیلنے کی کوشش کرتا ہے، بھارت سے میچ میں بھی ہم اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انجریز سے فرق پڑتا ہے لیکن بینچ اسٹرینتھ بھی اچھی ہے، ابھی کنڈیشنز کو دیکھنا ہے کہ وکٹ کیسی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ پہلے بیٹنگ کریں گے یا نہیں، پلیئنگ الیون کا پتا تو کل ہی چلے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا اعتماد بلند ہے شاہین آفریدی نہیں ہیں لیکن اعتماد کی کمی نہیں، ہر کھلاڑی نے یہ کلچر بنانے کی کوشش کی ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اونچ، نیچ آتی رہتی ہے، خود پر یقین ہونا چاہیے، کوئی مقام بنانے کے لیے مائنڈ سیٹ اور یقین کا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا ہمیشہ انتظار کیا جاتا ہے، لوگوں کی طرح ہم بھی میچ انجوائے کرتے ہیں، میچ کی گرمی نہیں لیکن دبئی کی گرمی میں ہمیں کھیلنے کی عادت ہے۔
پاکستانی کپتان نے دوران گفتگو پاکستان میں آئے سیلاب کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ ملک میں سیلاب کی وجہ سے مشکل وقت ہے، سیلاب متاثرین کو عطیہ دینے سے متعلق مشورہ کر رہے ہیں۔