• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
(گزشتہ سے پیوستہ)
امریکہ اور کینیڈا۔ تنازع سے تعاون تک پیش قدمی ۔ کولمبیا ریور بیسن
کسی بھی بڑے دریا کے بہائو میں ایسے موزوں مقامات جہاں سیلاب سے بچائو اور بجلی پیدا کرنے اور آبپاشی کیلئے پانی ذخیرہ کیا جاسکے ، قومی اثاثہ ہوتے ہیں۔ اِن منصوبوں کی تعمیر پر عدم اتفاق یا فنڈز کی کمی غالباً وہ ممکنہ رکاوٹیں ہیں جن کی بنا پر کوئی قوم قدرت کی اس نعمت سے بھرپور فائدہ نہیں اُٹھا پاتی۔ایسے ممالک کی مثالیں ہمارے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ثابت ہوتی ہیں جو کسی دریا میں حصہ دار ہوتے ہیں اور منصوبوں کیلئے مل جل کر رقم کا بندوبست کرتے ہیں ۔ ان منصوبوں کی بدولت یہ ممالک پن بجلی کی پیداوار، سیلاب سے بچائو اور آبی ذخیرے میں جمع ہونیوالے اضافی پانی کے استعمال جیسے فوائد سے مشترکہ طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ باہمی تعاون کا یہ رجحان گزشتہ صدی کے پہلے نصف حصے میں شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے۔ اس باہمی تعاون کی بہترین مثال دریائے کولمبیا کے انتظام کو چلانے کیلئے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان طے پانے والا معاہدہ ہے۔ دریائے کولمبیا تقریباً 2 ہزار کلومیٹر طویل ہے ،جبکہ کولمبیا جھیل سے دریا کی گزرگاہ کے آخری حصے تک اس کی ڈھلوان 2 ہزار 690فٹ یا 820 میٹر ہے۔ یہ دریا کینیڈا سے ہوتا ہوا امریکہ میں داخل ہوتاہے اور پھر روز ویلٹ جھیل میں جاگرتا ہے۔
ہمارے لئے یہ بات جاننا بھی اہم ہوگا کہ اس دریا کے بارے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کافی دیر تک جاری رہنے والے باہمی تنازع کا نتیجہ ہے۔ کشیدگی کا آغاز امریکہ کی جانب سے لبّی ڈیم تعمیر کرنے کی کوشش سے ہوا۔ یہ پن بجلی کا بہت بڑا منصوبہ تھا اور اسے مونٹانا ریاست میں کوٹینا دریاپر تعمیر کیا جانا تھا۔ مسئلہ یہ تھا کہ لبّی ڈیم کی تعمیر سے پانی دریا کے بالائی جانب کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا تک چڑھ آتا۔ وقت کیساتھ ساتھ یہ تنازع شدت اختیار کرتا گیا۔بالآخر 1964 ء میں دونوں ملک طویل مذاکرات کے بعد دریائے کولمبیا اوراس کے معاون دریائوں کے پانی کے مشترکہ استعمال کیلئے ایک معاہدے پر متفق ہوگئے۔ کولمبیا معاہدہ کا مقصد کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں آبی ذخیرے کی تعمیر اور اس کا انتظام و انصرام تھا تاکہ کولمبیا اور کوٹینا کے دریائوں میں پانی کے بہائو کو کنٹرول کرتے ہوئے سیلاب کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اور دونوں ملکوں کیلئے زیادہ سے زیادہ پن بجلی پیدا کی جائے۔ امریکہ کو جو فوائد دریائے کولمبیا کے زیریں علاقے میں حاصل ہوتے ہیں، اس معاہدے کی رُو سے وہ ان کا کچھ حصہ زرِ تلافی کے طور پر کینیڈین برٹش کولمبیا کو بھی ادا کرتا ہے۔1964ء کے معاہدے کے مطابق امریکہ کو لبّی ڈیم تعمیر کرنے کی اجازت حاصل ہوگئی اور 1972 ء میں اس نے مذکورہ ڈیم تعمیر کیا ۔ ڈیم کے نتیجے میں بننے والا کوکانوسا آبی ذخیرہ برٹش کولمبیا(کینیڈا) کے اندر 67 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ کینیڈا کو براہِ راست زرِتلافی تو ادا نہیں کیا گیا، لیکن لبّی ڈیم سے چونکہ پانی کا بہائو ریگولیٹ ہوتاہے ، جسے کینیڈا کوٹینا دریا کے زیریں حصوں میں بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال میں لاتا ہے۔ جبکہ لبّی ڈیم کی بدولت وہ دریائے کوٹینا اوردریائے کولمبیا میں سیلاب سے بچائو کا فائدہ بھی اُٹھاتا ہے۔امریکہ نے کینیڈا کو لبّی ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کے 60 سال کے دوران یعنی 2024 ء تک سیلاب کی روک تھام سے ہونے والے متوقع فوائد کے نصف حصہ کے برابر 64.4 ملین ڈالر ادا کئے ۔ اس کے علاوہ امریکہ نے کینیڈا کو 30 سال تک بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی مد میں بھی 254.4ملین ڈالر کی ادائیگی کی۔یہ رقم جزوی طور پر کینیڈا میں ڈیموں کی تعمیر کیلئے استعمال میں لائی گئی۔ بجلی کی یہ خرید و فروخت 31مارچ 2003ء تک جاری رہی۔ کینیڈا کو حاصل ہونے والے یہ فوائد اب برٹش کولمبیا کی صوبائی حکومت کو کلّی طور پر منتقل ہوچکے ہیں۔ برٹش کولمبیا کو ملنے والے فوائد میں 4 ارب یونٹ سالانہ بجلی بھی شامل ہے جس کے فوائد کا تخمینہ تقریباً 300 ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔ اب دریائے کولمبیا کو سیلاب سے بچائو اور بجلی کی پیداوار کیلئے استعمال میں لایا جاتا ہے اور یہ مشترکہ مفاد کیلئے بین الاقوامی تعاون کی بڑی اچھی مثال ہے۔ دریائے کولمبیا پر اس منصوبے کی تعمیر سے پانی ذخیرہ کرنے کی جو سہولت میسر آئی، اس کی بدولت صرف پورٹ لینڈ کے علاقے میں 1997 ء میں آنیوالے سیلاب کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بچائو کی مد میں ایک ارب ڈالر کا فائدہ ہوا۔
افریقہ۔ دریائے نیل کا طاس۔ معاہدے کے تحت عائد ذمہ داریوں میں بدلتے رجحان اور تعاون کے نئے امکانات
دریائے نیل دُنیا کا طویل ترین دریا ہے اور اس کا بیسن 10 ممالک میں واقع ہے۔ ان ممالک میں برونڈی، مصر، اریٹیریا، ایتھوپیا، کینیا، روانڈا، سوڈان، تنزانیہ، یوگنڈا اور عوامی جمہوریہ کانگو شامل ہیں ۔ 30 لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط دریائے نیل کا بیسن پورے افریقی براعظم کے کل رقبے کا 10 فیصد ہے۔ کم و بیش 16 کروڑ لوگوں کے ذریعہ معاش کا دارومدار دریائے نیل پر ہے۔ اس دریا کے بیسن میں واقع 10 ملکوں کی آبادی 30 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔ان ممالک میں خشک سالی کا مستقل خطرہ پانی سے متعلق مسئلے کی سنگینی میں اضافہ کرتا رہتاہے جبکہ اراضی کے استعمال سے ہونے والی آلودگی سے اِس دریا کے زیریں جانب واقع ممالک میں پانی کا معیار بھی متاثر ہوتا ہے۔ کینیا اور مصر کے علاوہ دریائے نیل کے بیسن میں واقع دیگر آٹھ ممالک دنیا کی 50 غریب ترین اقوام میں شامل ہیں ،اِس لئے آبی آلودگی کی وجہ سے اُنہیں قحط اور بیماریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔مصر دریائے نیل کے بیسن میں سب سے نیچے واقع ہے لیکن یہ بیسن کا سب سے اہم ملک ہے۔ دریائے نیل کے بالائی علاقوں میں واقع ممالک یعنی کانگو، سوڈان اور ایتھوپیا اورزیریں جانب واقع ملک یعنی مصر کے درمیان اولین معاہدے زیادہ تر اُن کے غیرملکی حکمرانوں نے کرائے۔ اِن معاہدوں کے بارے میں ازسرِ نو مذاکرات ہوچکے ہیں کیونکہ دریائے نیل کے بالائی علاقوں کے ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ ماضی میں ہونے والے معاہدے غیرمنصفانہ ہیں اور وُہ اِن کے مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتے۔
1929 ء میں مصر اور برطانیہ کے درمیان معاہدہ طے پایا ۔ برطانیہ اُس وقت کینیا، سوڈان، تنزانیہ اور یوگنڈا پر قابض تھا۔ 1958ء میں سوڈان نے آزادی حاصل کی تو 1959ء میں مصر اور سوڈان کے درمیان معاہدہ طے پایا۔ ان دونوں معاہدوں کی رُو سے مصر اور سوڈان کو دریائے نیل کا 100 فیصد پانی استعمال کرنے کا کلّی اختیار حاصل تھا۔اِن معاہدوں کے مطابق مصر اس بات کا پابند تھا کہ وہ دیگر ممالک سے یہ معلوم کرے کہ وہ اپنے اپنے ملک میں دریائے نیل کا کتنا پانی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس بیسن کے اکثر ممالک نے دریائے نیل پرآبپاشی کے منصوبے تعمیر نہیں کئے۔مگر وہ سمجھتے ہیںکہ اُن کا حق متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ اس پس منظر میں یہ بات تعجب کا باعث نہیں ہونی چاہئے کہ ان ممالک نے مذکورہ دونوں معاہدوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اتفاقِ رائے کے حصول کیلئے دریائے نیل کے بیسن میں واقع ممالک نے 1999ء میں Nile Basin Initiative کے نام سے اعلیٰ سطحی فورم تشکیل دیا۔یہ فورم دریائے نیل کے پانی کی منصفانہ تقسیم کوبروئے کار لاتے ہوئے خطے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے رُکن ملکوں کے وزراء کو ایک دوسرے کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوا ہے۔اِس ضمن میں دریائے نیل پر تعاون کی ایک اور مثال اوون فالز ڈیم پر واقع نالوبالےپاورا سٹیشن کی ہے ،جو وائٹ نیل پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ یہ جگہ یوگنڈا میں وکٹوریا جھیل کے قریب واقع ہے اور یہاں اس مقام سے ہی اس دریا کا آغاز ہوتا ہے۔ یہ ڈیم 1954ءمیں تعمیر کیا گیا تھا۔ ڈیم کی تعمیر سے قبل 1949ء میں مصر اور یوگنڈا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا تھا کہ مذکورہ ڈیم کی وجہ سے دریائے نیل میں پانی کا بہائو متاثر نہیں ہو گا ۔ مصر نے یوگنڈا کو اپنے خرچ پر پن بجلی پیدا کرنے کے آلات فراہم کئے ، آبی ذخیرے سے پانی کا اخراج مکمل طور پر مصر کے استعمال کیلئے تھا، لہٰذا مصر نے بجلی پیدا کرنے اور متاثرین کی از سر نو آباد کاری کے اخراجات یوگنڈا کو ادا کئے ۔
تاہم یہ بات مشاہدے میں آتی ہے کہ ایسے ممالک جو دریا کے کسی مشترکہ بیسن میں حصہ دار ہوتے ہیں ،اُنہیں اپنے حقوق کیلئے قانونی اصولوں کو مد نظر رکھنے پر اصرار کرنے کی بجائے عملی سوچ اپناتے ہوئے بالآخر سب کیلئے قابل قبول حل تلاش کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین سندھ طاس معاہدہ اور افریقی ممالک بشمول رونڈا ، برونڈی ، کانگو، تنزانیہ ، کینیا ، یوگنڈا ، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان اور مصرکے درمیان دریائے نیل کے طاس کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے اسی رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔
تازہ ترین