• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے سازش کے الزامات میں صداقت نہیں: عہدیدار امریکی محکمۂ خارجہ

امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے—فائل فوٹو
امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے—فائل فوٹو

امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سازش کے الزامات میں صداقت نہیں۔

یہ بات امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے نے واشنگٹن میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اہم ملک ہے، کوئی بھی حکومت ہو اس سے تعلقات و تعاون جاری رہے گا، امریکا کے پاکستان سے تعلقات کثیر جہتی ہیں، صرف افغانستان تک محدود نہیں۔

ڈیرک شولے نے کہا ہے کہ سیکیورٹی، اقتصادی تعاون اور سیلاب زدگان کے لیے امداد امریکی عزم کا اظہار ہے، انسدادِ دہشت گردی آپریشن میں پاکستان اہم حلیف رہا، پاک امریکا فوجی تعاون مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان کے علاوہ بھی دہشت گردی سے نمٹنا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے، انسدادِ دہشت گردی آپریشن میں پاکستان کا ساتھ ماضی میں رہا، امید ہے کہ آگے بھی رہے گا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے عہدے دار کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان صحت کے شعبے میں پہلا ڈائیلاگ منعقد ہوا، امریکا پاکستان کے تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ ٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے 75 سالہ سفارتی تعلقات ہیں، امید ہے کہ آنے والے برسوں میں بھی ایسا رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید