• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف میوزک پروڈیوسر ریحان صدیقی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے متحرک

معروف میزبان میوزک پروڈیوسر اور پروموٹر ریحان صدیقی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے متحرک ہوگئے۔

ریحان صدیقی نے امریکی کانگرس کی نمائندہ شیلا جیکسن سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے حوالے سے گفتگو کی۔

اس حوالے سے ریحان صدیقی کی خصوصی کاوش سے کانگرس ویمن شیلا جیکسن ایک وفد کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں جس میں وہ وزیر اعظم پاکستان سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات کرینگی۔

اس دورے کے دوران وہ پاکستان میں تباہی مچانے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کی معمول کی زندگی کی بحالی و امداد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی۔

یہ وفد پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرے گا جس کے بعد وفد سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا فوری طور پر آغاز کرے گا۔

ریحان صدیقی کے حوالے سے شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکن ریحان صدیقی ثقافتی، سماجی اور فلاحی کاموں کے حوالے سے ہوسٹن سمیت تمام امریکہ میں اپنی منفرد پہچان کے حامل بن چکے ہے، انہوں نے اپنے بہترین کردار کی وجہ سے پاکستان امریکہ کے تعلقات اور کمیونٹی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

دوسری جانب ریحان صدیقی کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، اس حوالے سے ان لوگوں کی جتنی بھی مدد کی جائے وہ کم ہے، میی بہت جلد امریکہ میں کچھ میوزک کنسرٹ کا بھی انعقاد کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے معروف گلوکار ابرار الحق، علی ظفر، مہوش حیات، نصیبو لعل، شفقت امانت سمیت دیگر شوبز شخصیات سے بات چیت کا آغاز کیا ہے تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مختلف کنسرٹ شو سمیت دیگر پروگرامز کو منعقد کرنا ہے تاکہ جو عطیات اکٹھا ہوں ان کو امداد کے لیے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آج پہنچ جاؤں گا اور اس سلسلے میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردوں گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید