بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) سابق گورنر پنجاب گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل کے چیئرمین چوہدری محمدسرور نے یارکشائر اینڈ ہمبر گرینڈ اوورسیز کلب کی تنظیم سازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی نے ملک میں جب بھی کوئی بحران آیا ہمیشہ مالی قربانیاں دی ہیں، بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ہر سال30ملین ڈالرز سے زائد زرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں جو ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومتیں ملک کو گروی رکھ کر آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر قرضے لے رہی ہیں، عجیب بات یہ ہے کہ جب تحریک انصاف کی حکومت ہو تو اپوزیشن جماعتیں ان پر آئی ایم ایف سے قرضہ لینے پر تنقید کرتے تھے، اب پی ڈی ایم کی حکومت ہے تو تحریک انصاف آئی ایم ایف کے معاملے پر ان پر تنقید کررہی ہے، سیاسی جماعتیں اپنے کرتوت ٹھیک کر لیں تو ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت ہی نہ پڑے ،پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے ملک اس وقت ایک بہت بڑے بحران کا شکار ہے، عالمی برادری کی جانب سے دی گئی امداد کافی نہیں اقوام متحدہ برطانیہ اور دیگر ممالک اپنی امداد میں اضافہ کریں، انہوں نے کہا کہ ملک میں تارکین وطن کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے، بالخصوص ان کی جائیدادوں پر قبضے اور کورٹ کچہریوں کےمعاملات میں ان کو ہمیشہ ذلیل کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ جب میں گورنر تھا تو اوورسیز کمیونٹی کے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے پنجاب کمیشن بنایا اور چیف جسٹس صاحبان سے میٹنگز کر کے اوورسیزکے کیسز کے لیے خصوصی عدالتوں کا اہتمام کیا جو ترجیح بنیادوں پر اوورسیز کے ہر طرح کے کیسز کا ایک ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کی مجاز ہیں، اوورسیز کے ووٹ کے حق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اوورسیز اپنے ووٹ کے حق کے مطالبے کے ساتھ ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اپنی نمائندگی کابھی مطالبہ کریں۔ پاکستان کی اسمبلیوں میں ان کی نمائندگی سے اوورسیز کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہوسکیں گے ،انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ میں نوجوان نسل برطانیہ کی سیاست میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے برطانوی سیاسی پلیٹ فارم پر ہماری زیادہ سے زیادہ نمائندگی کی ضرورت ہے، انہوں نے گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جس کامقصد پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہو گاجو پاکستان اور اوورسیز کمیونٹیز کو سیاسی، سماجی اور قانونی مدد فراہم کرے گا ۔تقریب میں شیڈو وزیریاسمین قریشی ایم پی نے بھی خصوصی شرکت کی ،انہوں نے اپنے خطاب میں گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل کے قیام کو سراہا، انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر کونسلر گوہر الماس خان ، راجہ ظہیر اقبال ،ڈاکٹر انصر حیات ، میئر آف کرکلی کونسلر مسعود چوہدری، ارشد کھٹا نہ ، راجہ غضنفر خالق ، رضوان نصیر ،امام قاسم ، محمد زمان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی پاکستان اور اورسیز پاکستانیوں کے لیے سیاسی اور سماجی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سرورفاونڈیشن نے جس طرح پاکستان میں اپنی سماجی خدمات سے غریب اور نادار لوگوں کی مدد کی ہے اس کیمثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے نوجوان نسل کو پاکستان کے ساتھ ربط کو مضبوطکرنا ہو گا تقریب میں یارکشائر گرینڈ اورسیز کلب کے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا راجہ ظہیر اقبال کو صدر ، ڈاکٹرانصر حیات کو جنرل سیکرٹری ، رضوان خالد راجہ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، چوہدری ارشد کھٹانہ صاحب سئینر نائب صدر ، ڈاکٹر عرفان رشید نائب صدر ، شہر یار خان انفارمیشن سیکرٹری ،تصور اعوان فنانسسیکرٹری ، منور ٹوہا ، پروفیسر رزاق راجہ ،راجہ جلیل احمد ، مظہر اقبال قریشی اور سہگل تنویر کو ایگزیکٹو ممبر ایڈوائزری بورڈ کے عہدے تقویض کیے گئے ۔ فوٹو کیپشن بریڈفورڈ ۔ گرینڈ اورسیز کلب انٹرنیشنل کی تقریب سے سابق گورنر چوہدری محمد سرور ،یاسمین قریشی ایمپی ، مئیر آف کرکلی کونسلر مسعود ، کونسلر گوہر الماس خان ، راجہ ظہیر اقبال ،ڈاکٹر انصر حیات ،چوہدری ارشد کھٹا نہ ، راجہ غضنفر خالق ، رضوان نصیر ،امام قاسم، محمد زمان اور دیگر خطاب کر رہےہیں۔