• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشدیپ سنگھ کا تعارف تبدیل کرنے پر وکی پیڈیا عہدیدار کی طلبی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاک بھارت میچ کے دوران آصف علی کا آسان کیچ چھوڑ دینے پر بھارتیوں کی جانب سے تاحال کھلاڑی ارشدیپ سنگھ پر کڑی تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا ’اے این آئی‘ کے مطابق میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی کا کیچ چھوڑنے پر ارشدیپ سنگھ کے وکی پیڈیا پیج پر تعارف کو تبدیل کر دیا گیا تھا جس پر بھارتی حکام نے وکی پیڈیا کے عہدیداروں کو گزشتہ روز طلب کیا تھا۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق کیچ چھوڑنے پر وکی پیڈیا پر کرکٹر ارشدیپ سنگھ کی معلومات تبدیل کرتے ہوئے اُنہیں سکھ علیحدگی پسند تحریک ’خالصتان‘ سے جوڑ دیا گیا تھا۔

ارشدیپ سنگھ کی وکی پیڈیا پر موجود معلومات کو تبدیل کرتے ہوئے اُنہیں بھارت کے بجائے خالصتان کا نمائندہ بنا کر پیش کیا گیا تھا، ارشدیپ کے وکی پیڈیا پیج پر لکھا گیا تھا کہ بھارتی ریاست پنجاب میں پیدا ہونے والے سکھ کرکٹر ارشدیپ سنگھ کو خالصتان کی طرف سے کھیلنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

وکی پیڈیا پر ارشدیپ سنگھ کی معلومات میں کرکٹر کو سکھوں کی آزاد ریاست کا مطالبہ کرنے والی ایک ایسی تنظیم کے ساتھ جوڑا گیا تھا جس کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں ہے۔

بھارتی حکام کی جانب سے ارشدیپ کی تبدیل کردہ اِن معلومات پر  توجہ دلائے جانے پر وکی پیڈیا نے اس کی تصحیح کر لی تھی۔

دوسری جانب اے این آئی کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے وکی پیڈیا کے عملے کے ساتھ کی گئی میٹنگ کی تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید