بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلی‘ آج کل ناظرین کے لیے کافی دلچسپ مواد پیش کرتا نظر آرہا ہے۔
حال ہی میں ’ریڈ چلی پروڈکشنز‘ کے اشتراک سے پیش کی گئی فلم ’ڈارلنگز‘ کو فلمی شائقین کی جانب سے کافی پسند کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اب کنگ خان کے پروڈکشن ہاؤس کا بالی ووڈ میں جاری پرانی فلموں کے ریمیک بنانے کے رجحان کا حصّہ بننے کا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’ریڈ چلی پروڈکشنز‘ نے ریمیک بنانے کے رجحان میں شامل ہونے کے لیے 1998ء میں ریلیز ہونے والے اداکار گووندا اور روینہ ٹنڈن کی مزاحیہ فلم ’دُلہے راجہ‘ کا انتخاب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پروڈکشن ہاؤس نے اس فلم کےکاپی رائٹس بھی حاصل کر لیے ہیں۔
مبینہ طور پر بھارتی فلم نگار فرہاد سمجی نے اس فلم کے ریمیک کے لیے ڈرافٹ اسکرپٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔
شاہ رخ خان کی ٹیم اس فلم کے ریمیک کے ارادے پر آگے کام کرنے کا فیصلہ ڈرافٹ اسکرپٹ، اسکرین پلے کی اہلیت اور اس بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کرے گی کہ آیا فلم کے ریمیک سے ٹیلی ویژن یا ڈیجیٹل اسکریننگ سے اچھی آمدنی بھی حاصل کی جاسکے گی۔