• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لز ٹرس حکومت میں مزید وزرا کی تقرریاں، رابرٹ جینرک شامل

لندن/ لوٹن ( شہزاد علی)برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لز ٹرس نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی حکومت میں مزید وزراکی تقرری جاری رکھی ہیں۔ سابق ہاؤسنگ سیکرٹری رابرٹ جینرک کی تعیناتی پانچ نئی وزارتی تقرریوں میں شامل ہے۔ لزرس نے بیک بینچ ٹوری ایم پیز کی کمیٹی سے خطاب بھی کیا۔ نئی وزیر اعظم لز ٹرس کے مصروف دن میں اگلی مصروفیت 1922 کمیٹی کے اراکین تھے۔ یہ بااثر کمیٹی بیک بینچ کنزرویٹو پارٹی کے ایم پیز کا ایک گروپ ہے جو ویسٹ منسٹر میں ہفتہ وار ملاقات کرتی ہے ۔یہی کمیٹی حالیہ ٹوری قیادت کا مقابلہ چلانے کی اہم زمہ داری سنبھالے ہوئے تھی جس میں لز ٹرس نے رشی سنک پر فتح حاصل کی ہے۔علاوہ ازیں لزٹرس کی حکومت نے ایک ایسے قانون کے منصوبوں کو روک دیا ہے جو وزراء کو یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کے فیصلوں کو نظر انداز کرنے کا اختیار دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لز ٹرس کی نئی انتظامیہ قانون سازی کے ایجنڈے کے ذریعے اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے موثر ترین ذرائع کا جائزہ لے رہی ہے۔ یورپی عدالت روانڈا کے فیصلوں کو کالعدم کرنے کا منصوبہ، برطانیہ نے ہیومن رائٹس ایکٹ میں اصلاحات کی تجاویز پیش کیں۔ انسانی حقوق کا قانون کیا ہے؟ بل آف رائٹس بل کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ برطانیہ کی سپریم کورٹ کو قانونی بالادستی حاصل ہے اور یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کے فیصلوں پر برطانوی عدالتوں کو ہمیشہ عمل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بل میں آزادی اظہار کو مضبوط بنانے اور انسانی حقوق کے دلائل کا استعمال کرتے ہوئے اپیل کے حق کو محدود کرکے غیر ملکی مجرموں کو ملک بدر کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

یورپ سے سے مزید