• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ ایلزبتھ فرض شناس قیادت کی گلوبل آئیکون تھیں‘ مساجد اینڈ امامز نیشنل ایڈوائزری بورڈ

لندن ( پ ر ) مساجد اینڈ امامز نیشنل ایڈوائزری بورڈ کے چیئر ، امامز آن لائن کے سینئر ایڈیٹر اور مکہ مسجد لیڈز کے امام قاری عاصم نے ہر میجسٹی ملکہ برطانیہ کوئین ایلزبتھ دوئم کے انتقال پر ہز میجسٹی کنگ چارلس سوئم ، رائل فیملی کے ارکان ، قوم اور کامن ویلتھ سے گہرے افسوس اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔ پریس ریلیز کےمطابق ان کا کہنا تھا کہ انتہائی قابل احترام ملکہ کا انتقال شاندار ایلزبتھ دور کے خاتمے کی علامت ہے۔ وہ ہمارے زمانے کی سب سے قابل ذکر خاتون تھیں جنہوں نے عوامی زندگی میں کچھ عظیم کارنامے سرانجام دیئے ،وہ نایاب خصوصیات کی حامل تھیں ۔ ان کی زندگی وقار، عاجزی، انکساری ، پختہ یقین اور عوامی خدمت کیلئے بے لوث لگن سے سرشار تھی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی زندگی میں ملکہ کی اطمینان بخش موجودگی ہم سب کیلئے امید، استحکام اور اتحاد کا باعث رہی ہے ۔ ہر میجسٹی ملکہ کے طویل دور حکومت نے برطانیہ کی مذہبی اور نسلی ساخت میں ایک غیر معمولی تبدیلی دیکھی اور اس طرح کی زبردست تبدیلی کی مزاحمت کرنے کے بجائے ملکہ نے تنوع کا جشن منایا اور اسے سراہا ۔ 2014 میں ملکہ نے ریمارکس دیئے کہ ڈائیورسٹی خطرہ نہیں بلکہ واقعی ایک طاقت ہے ۔ اپنے شاہی عہد کے دوران ملکہ نے مختلف مذہبی برادریوں میں ڈائیورسٹی ، مذہبی ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دینے کی غیر متزلزل خواہش ظاہر کی ۔ قاری عاصم نے کہا کہ میں نے طویل عرصے سے دوسرے لوگوں کے عقائد کیلئے ملکہ کے گہرے احترام کی تعریف کی ۔ وہ عقائد اور مذاہب کے درمیان مشترکات اور مشترکہ اقدار کو منانے میں دلچسپی کی اٹل خواہش رکھتی تھیں ۔ ناقابل یقین سوشل اینڈ پولیٹکل تبدیلیوں کے دوران عاجزی ، انکساری ، سالمیت اور فرض کا گہرا احساس ملکہ کی خصوصیات تھیں، جس نے قوم میں اعتماد، طاقت اور اتحاد کو متاثر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کئی مواقع پر ملکہ سے ملنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ لوگوں کو مصروف و مشغول رکھنے اور آرام دہ محسوس کرنے میں ملکہ کا تحفہ واقعی قابل ذکر تھا ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ مجھے ملکہ سے بات اورملاقات کرنے کا موقع ملا تو میں نے ان کی دانشمندی‘ استفسار کرنے والے ذہن، نرم مزاجی اور عوامی خدمت کیلئے غیر معمولی وابستگی کی بہت تعریف کی ۔ ملکہ کی زندگی بھراپنے لوگوں کی غیر معمولی خدمت اور فرض کی جدید دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے ۔ وہ ممتاز اور فرض شناس قیادت کی گلوبل آئیکون تھیں۔ ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی لیکن ان کی روشن میراث دنیا بھر کی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوئم کا دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ باوقار تعلق تھا ۔ کامن ویلتھ کی سربراہ کی حیثیت سے ملکہ نے کامن ویلتھ ممالک کی خدمت کی جو چھ مسلم اکثریتی ملکوں کے ساتھ ساتھ بڑی مسلم اقلیتوں والے دوسرے ممالک پر مشتمل ہے۔ نماز جمعہ اور آنے والے دنوں میں برطانیہ بھر کی اکثرمساجد میں ملکہ برطانیہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور ان کی پبلک سروسز سے بھرپور شاندار زندگی کو سراہا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ تمام عقائد اور مذاہب کا زبردست احترام کرتی تھیں ۔ مجھے یہ جان کر بہت سکون ملتا ہے کہ کنگ چارلس III بھی تمام عقائد اور مذاہب کے مفادات کے تحفظ اور مزید مربوط کمیونٹیز کی تعمیر کیلئے ایک دیرینہ عزم رکھتے ہیں ۔ امام قاری عاصم نے کہا کہ میں قومی المیے کی اس گھڑی میں طاقت،عزم اور استحکام کیلئے دعا گو ہوں ۔

یورپ سے سے مزید