• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، وزیراعظم کو کراچی میں لوڈشیڈنگ پر پیغام پہنچا دیا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہاہےکہ پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، وزیراعظم کو کراچی میں لوڈشیڈنگ پرپیغام پہنچادیا،سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا،عوام مشکل میں ہیں ،18ہزار متاثرین کراچی آئے، پانی نکالنے میں 6ماہ لگیں گے۔ اتوارکوقائداعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی کی مناسبت سے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے، کل لاڑکانہ میں تھا وہاں کراچی سے زیادہ گرمی ہے،ہم سب کو ہی متاثرین کی مدد کرنی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آئے تھے، انہوں نے کہا اس سے زیادہ تباہی انہوں نے نہیں دیکھی، یہ موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرنا ہوگا،آج ہمیں کشمیر کے عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا میں 160بلین ڈالرز کی مد کیلئے اپیل کی تھی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل خود حالات دیکھ کر گئے ہیں، ہماری 50 ارب روپے کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، ریکارڈ بارشوں کے باعث جو تباہی ہوئی ہے اس میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی بھی رائٹ بینک میں 2 تا 3 فٹ بارش ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 450 ایم اے ایف پانی آیا ہے جس سے ہمارے 23 اضلاع ڈوب گئے، 3سے 6مہینے ان شہروں اور فصلوں سے پانی نکالنے میں لگیں گے، ہمارا اندازہ ہے کہ سوا کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ کراچی شہر میں 18000 متاثرین آئے ہیں، ان کیلئے نامناسب بیانات دیئے گئے جس کی میں مذمت کرتا ہوں،ان بارشوں کیلئے ہمیں روایتی ڈیم کام نہیں آئینگے، ہمیں آبادگاروں کو زراعت کیلئے بیج اور فرٹیلائیزر کا پیکیج دینا ہے، ہماری 1.5 ملین ایکڑوں پر کپاس کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید