• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈیفنس میں قتل ہوئے بلڈر کا ویڈیو بیان سامنے آگیا


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بلڈر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ بلڈر سہیل کا مرنے سے پہلے کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آگیا ہے۔

بلڈر سہیل نے کہا تھا معیز نے اسکے گھر پر قبضہ کیا ہوا ہے، عامر وحید کروڑوں روپے لے چکا ہے۔

مقتول نے الزام لگایا تھا کہ پارٹنر معیز اور عامر وحید اسے جان سے مارنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ متوفی محمد سہیل کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق محمد سہیل کی موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی۔ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ ایک ہفتے بعد موصول ہوگی۔

تفتیشی حکام کے مطابق واقعہ خودکشی ہے یا قتل تحقیقات کی جارہی ہیں، لاش کے پاس سے ملنے والے اسلحے کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ مختلف سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔

تفتیشی حکام کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ مقدمے میں متوفی محمد سہیل کے 2 پارٹنرز اور 3 دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ 2 پارٹنرز بیرون ملک ہیں، دیگر تین ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شیخ سہیل نامی پراپرٹی ڈیلر کی لاش فیز سیون نشاط کمرشل میں واقع ایک دفتر سے برآمد ہوئی تھی۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ عرصے سے کچھ بااثر افراد سے فلیٹ کی ملکیت پر تنازع چل رہا تھا۔

قومی خبریں سے مزید