• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس سے الحاق کیلئے یوکرین کے 4 علاقوں میں ریفرنڈم شروع

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کے زیر قبضہ یوکرین کے چار علاقوں میں آج جمعے کو ریفرنڈم ہو رہا ہے جس کی عالمی رہنماؤں نے مذمت کرتے ہوئے اسے ’غیرقانونی الحاق کا پیش خیمہ‘ قرار دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین اور اس کے اتحادیوں نے واضح کیا ہے کہ وہ ان نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ یوکرین کے صوبوں لوہانسک، دونیسک ، خیرسون اور زاپوریژیا جو یوکرین کے تقریباً 15فیصد علاقے کی نمائندگی کرتے ہیں، میں ووٹنگ منگل تک جاری رہے گی۔ ریفرنڈم پر ماسکو کے حامی حکام کی طرف سے مہینوں تک بحث کی جاتی رہی ہے۔ روس کا موقف ہے کہ یہ خطے کے لوگوں کے لیے اپنے خیالات کے اظہار کا ایک موقع ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ ’آپریشن کے آغاز سے ہی ہم نے کہا کہ متعلقہ علاقوں کے لوگوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنا چاہیے اور موجودہ صورتحال اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ اپنی قسمت کے مالک بننا چاہتے ہیں۔‘ ان چار علاقوں کو روس میں شامل کر کے ماسکو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ضروری فوجی اضافے کا جواز پیش کر سکتا ہے۔ 2008 سے 2012 تک روسی صدر رہنے والے دمتری میدویدیف نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’روسی سرزمین پر قبضہ کرنا ایک جرم ہے جو آپ کو اپنے دفاع کی تمام قوتوں کو استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔‘

دنیا بھر سے سے مزید