• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنماؤں نے پاکستان کو امداد کا یقین دلایا ہے، وزیر اعظم

لندن (اے پی پی، جنگ نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ جلد سیلابی مشکل سے نکل آئینگے، اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنمائوں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلایا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس کا انعقاد جلد کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاق وزراء اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق متاثرین سیلاب کی بحالی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران ان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گو تیرس سمیت دنیا بھر کی اہم قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے عالمی رہنمائوں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی امدادی کاروائیوں اور بحالی کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی رہنمائوں کو موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر تباہ کن اثرات اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا۔ عالمی رہنمائوں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا اور یہ یقین دلایا گیا کہ پورے خلوص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کیلئے ورلڈ فوڈ پروگرام سے مدد لینے کی بات بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشائاللہ جلد اس مشکل سے نکل آئینگے۔ وزیراعظم کو نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کے حکام کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

اہم خبریں سے مزید