• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان جیسا لیڈر ہی معیشت کو سدھارنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہمایوں اختر

لاہور(خبرنگار)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا لیڈر ہی معیشت کو سدھارنے کی صلاحیت رکھتا ہے،عمران خان کی کال پر عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر کا سڑکوں پر آنا ثبوت ہے کہ اب لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ،کسانوں، مزدورں، تاجر وں سمیت ہر طبقہ مہنگائی کے خلاف دہائیاں دے رہاہے لیکن وفاق میں بیٹھے حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، اب ہر شخص کی زبان پر ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں جتنی جلد ی ممکن ہو سکے فوری اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے121میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی جیسے فورم پر اپنا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش نہیں کر سکا جبکہ اس کے برعکس عمران خان نے اسی فورم پر پوری دنیا کے سامنے حرمت رسول ۖکے لئے جرات اور بہادری کے ساتھ بات کی جس پر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ نے عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ہم بر ملا کہہ رہے ہیں کہ اس معیشت کو سنبھالنا پی ڈی ایم جماعتوں کی بس کی بات نہیں ،معیشت کی درستگی ٹھوس معاشی پالیسیوں سے ممکن ہے اور موجودہ کمزور حکومت کے پاس اس کا وژن ہی نہیں ۔ انشا اللہ تحریک انصاف 2018ء سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرے گی ، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی پیش قدمی کرے گی اور کامیابی حاصل کرے گی ۔
اہم خبریں سے مزید