اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امریکا نے پاکستان پر واجب الادا 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (30ارب سے زائد )کے قرض کی واپسی موخر کر دی ۔
جمعے کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جی20 کے قرض منسوخ پروگرام کے تحت دوسرے امریکہ پاکستان دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے.
جس سے پاکستان کو امریکی قرضوں میں ریلیف کے طور پر 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں، پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دوسرے پاک امریکہ دوطرفہ معاہدے پر دستخط کر دیئے
امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دستیاب اہم وسائل کو ری ڈائریکٹ کرنا ہماری ترجیح ہے، معاہدے کے تحت امریکہ پاکستان کو قرض کی مد میں 132 ملین ڈالر کا ریلیف دے گا۔