• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہر سلیم کو قائم مقام سیکرٹری خارجہ نامزد کر دیا گیا

اسلام آباد (ماریانہ بابر) سابق سیکرٹری خارجہ نے جوہر سلیم کو قائم مقام سیکرٹری خارجہ نامزد کردیا ، یہ نامزدگی ایسے وقت کی گئی جب دفتر خارجہ مستقل سیکرٹری خارجہ کیلئے کسی نام کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے دفتر میں رہتے ہوئے اپنے آخری سرکاری کام میں اٹلی میں سفیر جوہر سلیم کو ایک ایسے وقت میں قائم مقام سیکرٹری خارجہ نامزد کیا ہے جب دفتر خارجہ مستقل سیکرٹری خارجہ کے لیے کسی نام کو حتمی شکل دینے اور اس پر اتفاق نہیں کر سکا۔ قواعد قائم مقام سیکرٹری خارجہ کی اجازت دیتے ہیں اور اس سے انتظامی پہلو پر خلاء سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور وزارت کے روزمرہ کے کام کو جاری رکھا جاتا ہے۔ سفیر جوہر سلیم کی بطور سفارت کار مدت اگلے سال اپریل میں ختم ہو رہی ہے۔ اگرچہ قائم مقام سیکرٹری خارجہ کے اعلان کا کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن سامنے نہیں آیا، وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ جوہر سلیم قائم مقام سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر چلے گئے ہیں۔ اس سے قبل اعلیٰ ترین اتھارٹی نے برسلز سے سفیر ڈاکٹر اسد مجید کو طلب کیا تھا اور وہ بدھ کو نئے سیکریٹری خارجہ نامزد کیے جانے کی امید میں اسلام آباد پہنچے تھے۔رواں ہفتے واشنگٹن میں ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی سفیر اسد مجید کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں عمران خان کی وجہ سے تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ سیکرٹری خارجہ کے نام کے لیے دفتر خارجہ کی جانب سے اعلان اگلے ہفتے تک آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول وطن واپسی پر دبئی میں رکے ہوئے ہیں جس کے بعد وہ اپنے والد آصف علی زرداری کو دیکھنے کراچی جائیں گے جن کی طبیعت ناساز ہے۔
اہم خبریں سے مزید