• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹرز فنانس کی تقرریاں، تلاش کمیٹی کا پہلا اجلاس بے نتیجہ

کراچی(سید محمد عسکری) محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سندھ کی 25؍ سرکاری جامعات میں ڈائریکٹرز فنانس کے لیے مبہم اشتہار دینے اور ضوابط کار طے نہ ہونے کے باعث جمعہ کو تلاش کمیٹی کا پہلا اجلاس بے نتیجہ رہا جس کے بعد اس بات کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے کہ ڈائریکٹرز فنانس کے لیے دوبارہ اشتہار دیا جائے۔ تلاش کمیٹی میں شامل ایک بیوروکریٹ رکن نے جنگ کو بتایا کہ ڈائریکٹرز فنانس کی بھرتیوں کے سلسلے میں جو اشتہار جاری ہوا اس میں مطلوبہ تجربے کے معاملے پر ابہام موجود ہے، اشتہار میں تعلیمی قابلیت کے کالم میں مطلوبہ تجربہ 12 سال مانگا گیا جبکہ اسی اشتہار میں چارٹر اکاؤنٹنٹ کی تعلیمی قابلیت کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور دوسری طرف 10 سال کا تجربہ رکھنے والے ماسٹر ڈگری ہولڈر کو بھی درخواست جمع کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔ایک ہی اشتہار میں مطلوبہ تجربہ 10 اور 12 سال لکھا گیا اسی طرح تلاش کمیٹی کے ضوابط کار بھی طے نہیں تھے چناچہ امکان ہے کہ آئندہ تلاش کمیٹی کے اجلاس میں جب ضوابط کار طے ہوں گے تو اشتہار بھی دوبارہ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سندھ کی 8؍ جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی مدت رواں مہینے میں 6؍ اکتوبر کو مکمل ہوجائے گی جن میں طارق کلیم جامعہ کراچی، انیل کمار سندھ زرعی یونیورسٹی، نثار احمد نوناری شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، عادل رشید جناح سندھ یونیورسٹی، ندیم شکور لیاقت یونیورسٹی، شیخ شبیر احمد داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی، عبدالحفیظ صدیقی پیپلز یونیورسٹی اور منیر احمد شر اینیمل یونیورسٹی سکرنڈ شامل ہیںجبکہ اس وقت 17؍ جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی اسامیاں خالی ہیں جن میں 12؍ کو اضافی چارج دے رکھا ہے ان میں ذیشان میمن مہران یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی، سید زین العابدین ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سرفراز علی تونیو ایس ایم بی بی میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ، غلام علی سورہیو سندھ مدرستہ الاسلام، ندیم شکور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نوابشاہ، آصف علی شر شہید اللہ بخش یونیورسٹی، ضمیر علی تونہیو زابل یونیورسٹی، نثار احمد شیخ ایاز یونیورسٹی، مصطفیٰ رضا یونیورسٹی آف بھٹ شاہ، حاکم علی زرداری جی سی یونیورسٹی حیدرآباد، قمر الدین شیخ کوئسٹ نوابشاہ اور عبدالحلیم اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹ یکچر سکھر شامل ہیں جبکہ آئی بی اے سکھر، اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی خیرپور، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر اور یونیورسٹی آف لیاری میں ڈائریکٹرز فنانس کی اسامیاں خالی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید