• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، تعلیمی مرکز پر خودکش حملہ، طالبات سمیت 20 افراد جاں بحق

کابل (اے ایف پی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تعلیمی مرکز پر خودکش حملے میں طالبات سمیت 20افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں سے بیشتر نوجوان لڑکیاں تھیں ، سیکڑوں طلبہ تعلیمی مرکز میں یونیورسٹی میں داخلے کے ٹیسٹ کی تیاری کررہے تھے ۔ خودکش حملہ کابل کے مغربی علاقے دشت برچی میں ہواجہاں بڑی تعداد میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں۔ علی نامی ایک طالب علم جو اس حملے میں زندہ بچ گئے نے بتایا کہ حملہ آور نے طالبات کیلئے مختص کلاس روم میں داخلے ہونے سے قبل دو سکیورٹی اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا ، انہوں نے بتایا کہ حملے میں لڑکوں کو زیادہ نقصان نہیں ہوا کیوں کہ وہ کلاس روم کے آخر میں بیٹھے ہوئے تھے، خودکش حملہ آور کلاس روم کے سامنے کے دروازے سے داخل ہوا جہاں لڑکیاں بیٹھی ہوئی تھیں، ایک اور طالب علم نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمیوں میں سے بڑی تعداد خواتین کی تھی جبکہ ہال میں 600افراد موجود تھے۔ کسی گروپ نے تاحال کاج ایجوکیشن سینٹر پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جہاں یونیورسٹی میں داخلے کے ٹیسٹ کیلئے طلبہ کو تیاری کروائی جاتی ہے ۔ پولیس ترجمان خالد زدران نے بتایا کہ خودکش حملے میں 20افراد جاں بحق اور 27زخمی ہوئے ہیں۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے ہلاکتوں کی تعداد 24اور زخمیوں کی تعداد 36بتائی ہے ۔
اہم خبریں سے مزید