اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) سینیٹ میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے مابین آڈیو لیکس کے معاملے پر گرما گرمی‘ قائد ایوان وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے کہاکہ عمران خان کی آڈیو لیکس سے امریکی سازش کا بھانڈا پھوٹ گیا، ہم دھمکی دیکر معافی مانگنے والے نہیں ہیں ،یہ ملکی مفادات پر کھیل کھیلتے ہیں‘عمران خان کے آڈیو لیکس پر بحث ہونی چاہیے،جبکہ اپوزیشن لیڈرڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی آڈیو لیکس پر ایوان میں بحث کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ثابت ہوگیا حکمرانوںکے کاروباری مفادات ملک سے افضل ہیں‘چیئرمین کے سخت رویے کے خلاف اپوزیشن نے ایوان سے احتجاجاً واک آوٹ کیا ، اپوزیشن کے کئی اراکین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر بات کرنے کی کوشش کی جس پر چیئرمین برہم ہوگئے اور کہا کہ سینیٹ کو قوانین کے مطابق چلانے دیں ، اب مزید ایسا نہیں چلے گا‘اس مزاج سے بات نہیں سنو گا ، ایوان کا ماحول خراب نہ کریں ،اس موقع پر چیئرمین سینیٹ پی ٹی آئی سینیٹر عبدالقادر پر برہم ہوگئے اور کہا کہ میں تمہیں ایوان سے باہر پھینک دونگا جس پر اپوزیشن اراکین نے ایوان سے احتجاجاً واک آوٹ کیا ۔قبل ازیں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے تمباکو کے کاشتکاروں کا کاروبار تباہ ہورہا ہے جبکہ دوسری جانب سے بین الاقوامی کمپنیوں کو نوازا جارہا ہے۔