• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید، جوابی کارروائی سے دشمن کا بھاری نقصان

اسلام آباد ( وقائع نگار)افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی، پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کی جس سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا، فائرنگ کے تبادلہ میں پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال قابل مذمت، توقع ہے عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیگی،بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان سے دہشت گردوں نے ضلع کرم خرلاچی میں پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی۔ پاک فوج کے جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی کی۔ مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔فائرنگ کے تبادلہ کے دوران پاک فوج کا سپاہی جمشید اقبال (عمر 27 سال، سکنہ چنیوٹ) شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کےخاتمے اور پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔