• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیت شاہ کے دورے سے قبل بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں بڑا سرچ آپریشن، فورسز کی بھاری نفری تعینات

سرینگر،جموں(این این آئی، پی پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں انتظامیہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ سے قبل حفاظتی اقدامات کے نام پر پورے علاقے بڑی تعداد میں فوجی اور پولیس اہلکارتعینات کر دیے ہیں۔امیت شاہ کے دورے سے قبل بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں بڑا سرچ آپریشن، امیت شاہ چار اکتوبر بروز منگل سے مقبوضہ جموںوکشمیر کا دو روزہ دورہ کریں گے ۔ دورے کے دوران وہ سرینگر میں ایک اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ جمو ں خطے کے راجوڑی قصبہ میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔جموں خطے کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جس سے مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ راجوری قصبہ میں جلسہ گاہ کو چاروں اطراف سے سیل کر دیا گیا ہے ۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں اور پولیس نے جلسہ گاہ کے اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔ جبکہ بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ضلع کے ہیرا نگر سب ڈویڑن کے متعدد دیہات محاصرے میں لیے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ تلاشی آپریشن کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر گریز سیکٹر میں قابض بھارتی سیکورٹی فورسز نے سات اے کے 47 رائفل سمیت ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کشمیر کے باندی پورہ ضلع کے گریز سیکٹر سے برآمد کیے گئے ہتھیاروں میں 7اے کے 47 رائفل، 21اے کے میگزین، 1190 گولیاں، 2چین میں تیار کردہ پستول، 132پستول کی گولیاں، 13 گرینیڈ کے علاوہ دیگر ہتھیار اور گولہ بارود شامل ہے۔ 

دنیا بھر سے سے مزید