• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل انعام میمن کا عمران خان کو ضمانت ملنے پر ردعمل

کراچی(ایجنسیاں) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو ضمانت ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کو اتوار کے روز ضمانت مل گئی۔

 کیا یہ سہولت ہر پاکستانی کے لیے دستیاب ہے؟ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اپنی تقریروں میں ہمیشہ کہتے ہیں کہ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے۔ لیکن گزشتہ رات سے وہ پنجاب کے پی کے پولیس اور منتخب نیوز چینلز کی ڈی ایس این جیز کے حصارمیں کیوں چھپا ہوا ہے؟۔

ادھرایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے ساتھ ساتھ ریاستی سکیورٹی کیلئے عمران خان کے لاڈلے پن کا تاثر دور کرکے انہیں سزا دی جانی چاہئے ۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سائفر کے حوالے سے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوگیا ہے جس میں اہم اور بنیادی فیصلے ہوئے تاہم ان کیمرہ اجلاس کی تفصیل نہیں بتاسکتا، کابینہ کمیٹی برائے سائفراپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آرمی چیف کے عہدے کا معاملہ آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم نے ادا کرنا ہے۔ دریں اثناءکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ حکمرانوں میں عمران خان کو ہاتھ لگانے کی ہمت نہیں ہے‘ قوم نے کل مجرموں، منی لانڈرز اور قاتلوں کی جانب سے جھوٹ، بہتان اور بے سروپا الزامات کی الف لیلہ سنی جو ان کی بوکھلاہٹ، گھبراہٹ اور خوفزدگی کی علامت تھی‘ قوم نے اسی شام پورے ملک میں عمران خان سے یکجہتی کیلئے لاکھوں کی تعداد میں نکل کر ان کے غبارے سے ہوا نکال دی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی نے کہا کہ شریف خاندان کا باوا آدم ہی نرالا ہے، تضادات اور منافقت سے بھرا یہ خاندان اس ڈھٹائی و بے حیائی سے جھوٹ بولتا ہے کہ شیطان بھی منہ چھپانے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید