• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈے، دودھ، دہی اور ڈبل روٹی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سردیاں آنے سے قبل ہی انڈے کی قیمت میں 10روپے فی درجن کا ہوشربا اضافہ، دودھ60روپے اور دہی 100روپے فی کلو اضافی قیمت میں فروخت، انتظامیہ منافع خورمافیا پر کنٹرول کے بجائے نمائشی کارروائیوں تک محدود ہے، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں منافع خور مافیا نے کھانے ، پینے کی اشیاءکی قیمتوں کے لیے جاری کردہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی ٹھانی ہوئی ہے، ڈیری مالکان اور دکانداروں نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناکر قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا تھا، لیکن جب پٹرولیم اشیاءکی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو ڈیری مالکان نرخ کم کرنے سے انکار کر دیتے ہیں، سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کی بیشتر ڈیریز اور دکانوں پر انڈے، دودھ اور دہی سمیت ڈبل روٹی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے شہریوں کی جیب کاٹی جارہی ہے، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام منافع خور مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں، ڈیری مالکان کی جانب سے ایک انڈا 30روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ ایک درجن کی قیمت 260سے 300روپے مقرر کردی گئی ہے، دوسری جانب ڈیری مالکان اور دکانداروں نے پرائس کنٹرول لسٹ کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر دودھ سرکاری قیمت 120روپے کے بجائے 180 روپے لیٹر اور دہی 140کے بجائے 280روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہے ہیں، شہریوں کے مطابق منافع خوروں سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے ہماری جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، جبکہ بیشتر مقامات پر ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت بھی جاری ہے۔

ملک بھر سے سے مزید