وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو شکست صاف نظر آ رہی ہے، اداروں کے بعد عمران خان اب اپنے عہدیداروں، کارکنان کی منت سماجت پر اتر آئے ہیں۔
شیری رحمٰن نے اپنے سوشل میڈیا پر عمران خان کی جانب سے اپنے کارکنان اور عہدیداروں سے حلف لینے پر تنقید کی ہے۔
شیری رحمٰن کا اپنے ٹوئٹس میں کہنا ہے کہ عمران خان اپنے رہنماؤں، کارکنان سے احتجاج میں شرکت کے لیےحلف لے رہے ہیں، عمران خان لوگوں کو انتشار کے لیے تیار کر رہے ہیں، تحریک انصاف عمران بچاؤ مہم میں مصروف ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم ہے 25 مئی کی طرح اس بار بھی لوگ ان کی کال پر نہیں نکلیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان 26 مئی کی صبح اعلان کر کے گئے تھے کہ 6 دن میں واپس آؤں گا، عمران خان کے اعلان کو 6 ماہ گزر گئے ہیں، عمران خان اب ہر جلسے میں احتجاج کی مس کال دے کر چلے جاتے ہیں۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ قوم عمران خان کی انتشار کی کال کو ہر بار مسترد کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بچاؤ مہم میں مصروف ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لیے کام کر رہا ہے، حکومت اور تحریک انصاف کی ترجیحات پوری قوم کے سامنے ہیں، حکومت کی ساری توجہ سیلاب زدگان کی طرف ہے، سیاست کی طرف نہیں۔