• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدا کی قسم عمران فراڈیا، ریاست کا غدار، دوست ممالک سے تعلقات خراب، دنیا کو امداد سے روکا، اداروں میں تقسیم کی کوشش کی، وزیر اعظم

اسلام آباد،کراچی (اے پی پی، مانیٹرنگ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خداکی قسم عمران فراڈیاہے، عمران خان نے سائفر کے معاملے میں قوم اور ملک کے ساتھ بدترین بددیانتی کرتے ہوئے ریاست کے خلاف غداری کی، ملکی سالمیت کے ساتھ کھیل کھیلا گیا، عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کئے، عمران خان بیرونی دنیا کو امداد روکنے کا کہہ رہے ہیں، عمران نیازی نے اداروں کو بدنام اور قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کی، اگر یہ شخص دوبارہ مسلط ہوا تو ملک اور اداروں کو تباہ کر دے گا،آئین اور قانون کی حدوں کو پھلانگ کر اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مریم نواز کو ہائی کورٹ نے کلین چٹ دی ہے، آڈیو لیکس میں موجودہ حکومت کا کوئی کردار نہیں، آڈیو لیک کرنا ہوتی تو میں اپنی آڈیو لیک کیوں کرتا؟آرمی چیف کی تعیناتی آئین و قانون کے مطابق ہو گی، پریشان نہ ہوں، بےشمار اہم معاملات صدر کے پاس ہفتوں پڑے رہتے ہیں، اسمبلی توڑنے کی سمری 20منٹ میں منظور کرلی، حقائق کی بنیاد پربات کی ایک بھی غلط ثابت ہوجائے تو مجھے معاف نہ کیجئے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آڈیو لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے، اگر آڈیو لیک کرانی ہوتی تو اپنی کیوں لیک کراتے، آڈیو لیک میں کہا گیا امریکہ سے آنے والے سائفر پر امریکہ کا نام نہیں لینا، عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے قوم سے فراڈ کرتا ہے، میں قسم کھا کرکہتا ہوں کہ یہ شخص سب سے بڑا فراڈیا ہے، آڈیو ہر چیز بتا رہی ہے، اس نے افواج پاکستان اور اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور عمران خان نے ریاست پاکستان کے خلاف غداری کی سازش کی، اس پر کابینہ انکوائری کمیٹی بناچکی ہے، آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ آئین و قانون میں واضح ہے، فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہوگا، پریشان نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی اپنے عروج پر تھی، آئی ایم ایف کے ساتھ سابق حکومت نے معاہدہ کر کے اس کی دھجیاں اڑائیں، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات شروع کئے تو اس میں بھی رخنے ڈالے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مریم نواز کو عدالت نے کلین چٹ دی ہے، ان کے کیس کا نیب قوانین میں ترمیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، عمران نیازی نے تو اپنی حکومت میں اپنی بہن کو این آر او دیدیا تھا اور 190 ملین پائونڈ ایک شخص کو دے کر سب سے بڑا ڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے برطانیہ اور یو اے ای ، سعودی عرب، قطر، چین، امریکا،جاپان سمیت متعدد ممالک نے دل کھول کر مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹولہ پتھر دلی سے چاہتا ہے کہ دنیا امداد نہ دے، سیلاب متاثرین کے لیے وفاقی خزانے سے 100 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب روپے میں سے 60 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں، سیلاب متاثرین کے لئے اب بھی خیموں اور خوراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی ہمارے خلاف کیسز بنائے گئے لیکن اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا، وطن کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہے، اس کے لئے ہر قدم اٹھائوں گا، حکومت مہنگائی میں کمی لانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ 3 اپریل2022ء کی بات ہے جب عدم اعتماد کے اوپر اس دن ووٹنگ ہونا تھی اور تمام واقعات سے آپ اچھی طرح آگاہ ہیں۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اسپیکر کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے ووٹنگ سے پہلے اس وقت کے وزیر اطلاعات کھڑے ہوئے انہوں نے ایک لکھا ہوا بیان پڑھایا انہوں نے زبانی کہا،کہا کہ اس حکومت کے خلاف سازش ہوئی ہے اور اس کے تانے بانے غیر ملکی طاقتوں اور موجودہ اپوزیشن جو اس وقت یہ موشن لے کر آئی ہے ،اسی وقت سوری صاحب نے ایک لکھا ہوا بیان پڑھا اور کہا کہ میں یہ موشن مسترد کرتا ہوں یعنی اس سازش کی جو کہانی ہے اس کی بنیاد پر۔نہ ہم سے پوچھا نہ کسی اور سے پوچھامیں قائد حزب اختلاف تھامیں چیختا رہا گیاکہ آپ میری بات سنیں کہا جی نہیں۔فوری طو رپر عمران نیازی خان ٹی وی اسکرینز پر نمودار ہوئے اور کہا کہ میں اسمبلی توڑ رہا ہوں ،میں آپ کو سازش کا پورا لنک بتا رہا ہوں اور20 منٹ کے اندر صدر پاکستان نے اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سمری منظور کرلی۔گورنر پنجاب کو تو مہینوں لگ گئے انہوں نے اسمبلی اپنے پاس رکھی ،اس طرح کے اور جو معاملات ہیں مملکت کے صدر صاحب کے پاس ہفتوں پڑے رہتے ہیں اٹارنی جنرل اور اس طرح کی بے شمار فائلیں ہیں،تو یہ تھی وہ سازش کی بنیاد جس کے اوپر پھر اگلے پانچ ماہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے قوم کا وقت برباد کیا۔قوم کے اذہان کو کنفیوژکیاجو ان کی اپنی پارٹی کے کور ممبرز ہیں ان کو پختہ یقین ہوگیا ۔ جو فلوٹنگ ووٹرز ہوتے ہیں فیصلہ کرتے ہیں حالات کو دیکھ کران کو کنفیوژ کیااور عمومی طور پر قوم کو ایک ہیجانی کیفیت میں ڈال دیا۔ پاکستان کے جو تعلقات دنیا کی جو سب سے بڑی طاقت ہے یہ بات ماننی پڑے گی بری طرح مجروح کردیئے۔انہوں نے کہاکہ آج اس پریس کانفرنس میں کی ہیں حقائق کی بنیاد پر کی ہیں اور اگر ایک بات غلط ثابت ہوجائے تو مجھے آپ پھر معاف نہ کیجئے گا۔

اہم خبریں سے مزید