• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ رنز کم بنے لیکن بولرز نے زبردست پرفارم کیا، شان ٹیٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف بولرز عدم تسلسل کا شکار تھے لیکن اس کے بعد آپس میں بیٹھ کر سوچا کہ کیسے معیار بہتر کرنا ہے، نیوزی لینڈ سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم نے بہتر معیار کا مظاہرہ کیا۔

بنگلا دیش کیخلاف 21 رنز کی فتح کے بعد جیو نیوز کے سوالات کے جواب میں سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ کچھ رنز کم بنے تھے لیکن بولرز نے زبردست پرفارم کر کے اپنا معیار بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ محمد وسیم جونیئر نے آخری لمحات میں شاندار یارکرز کرائے جس کو دیکھ کر کافی مزہ آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سیریز ورلڈ کپ سے قبل اہم ہے، اگر یہاں جیت ملتی ہے تو ٹیم کو مومینٹم ملے گا اور جیت سے ڈریسنگ روم میں ایک مثبت احساس آئے گا جو ورلڈ کپ سے قبل کافی اہم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ دنیا کے کسی بھی میدان میں مشکل ٹیم ہے اور ہوم گراؤنڈ پر تو اسکو ہرانا مشکل ہے، لیکن ہم خود بھی ایسی ٹیم ہیں جس کو ہرانا بالکل بھی آسان نہیں۔ سیریز میں نیوزی لینڈ سے اچھا مقابلہ ہوگا۔

شان ٹیٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ہے اور میگا ایونٹ سے قبل ان سے کھیلنا ہمارے لئے کافی اچھا موقع ہے۔

ایک سوال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ پاکستان اپنی بینچ اسٹرینتھ کو بھی آزما رہا ہے جس سے اندازہ ہورہا ہے کہ گہرائی کتنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے روٹیشن پالیسی چل رہی ہے، کچھ پلیئرز کو گیمز بھی ملے ہیں، وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی کو تجربہ دینا ضروری ہے کیوں کہ ایک کھلاڑی جتنا زیادہ کھیلے گا اتنا زیادہ بہتر ہوگا۔

شان ٹیٹ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے پیچھے کھڑے پلیئرز نے بھی قدم جماکر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید