• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں سے کہتا ہوں غلط فہمی میں نہ رہیں تشدد کر کے عزت کروالیں گے، عمران خان


فوٹو فائل
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جو بھی ان چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ ملک کا غدار ہے، اعظم سواتی پر بھی برہنہ کرکے تشدد کیا گیا، تمام اداروں سے کہتا ہوں غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تشدد کرکے عزت کروالیں گے۔

مردان میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت سوات اور قبائلی علاقے میں ہونے والی گڑ بڑ کی ذمے دار ہے،  جب میری حکومت تھی ہم نے دہشتگردی پر قابو پالیا تھا، میں نے ہمیشہ کہا پاکستان کو امریکا کی جنگ نہیں لڑنی چاہیے تھی، پاکستان میں کوئی ٹی ٹی پی نہیں تھی، امریکا کی جنگ لڑی تو پاکستان میں دہشت گردی شروع ہوگئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب میری حکومت تھی، میں نے ایک ڈرون اٹیک نہیں ہونے دیا، وفاقی حکومت سوات اور قبائلی علاقے میں آج ہونے والی گڑ بڑ کی ذمے دار ہے، سرحدیں وفاق کے کنٹرول میں ہیں، لوگوں کو کیوں آنے دیا گیا؟

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمشنر بد دیانت آدمی ہے، وہ چوروں کے ساتھ ملا ہوا ہے، مخالفین نے 10 سے 15 ہزار جعلی ووٹوں کی پلاننگ کی ہوئی ہے، مخالفین کی جعلی ووٹوں کی پلاننگ کے باوجود انہیں شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کسی وزیراعظم نے اتنا پیسہ نہیں بچایا، جتنا میں نے بطور وزیراعظم بچایا، اگر مجھ پر مقدمات بنائے اور جیل میں ڈالا تو میں زیادہ زور سے مقابلہ کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ اللّٰہ نے اچھائی برائی میں نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، اپنے بچوں سے پوچھیں کیا نواز شریف اور آصف زرداری ایماندار ہیں، دو خاندان ملک کو 30 سال سے لوٹ رہے ہیں، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا یہ دو خاندان ایماندار ہیں، یہ لوگ ملک کا پیسا چوری کرکے باہر  لے جا رہے تھے، اس لیے سیاست میں آیا، مولانا قاسم، ان کی چوری پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں، ان کی چوری پر فلمیں بنی ہوئی ہیں، مولانا قاسم اگر آپ سمجھتے ہیں نواز، زرداری ایماندار ہیں تو سب سے کہتا ہوں ان کو ووٹ دے دو۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجھ پر ایف آئی آر کٹتی ہیں، میں کیوں باہر نہیں چلا جاتا، مولانا قاسم کیا آپ کا ضمیر چوروں کے ساتھ کھڑے ہونے کی اجازت دیتا ہے؟ ہر روز مجھ پر ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے، ہر روز ضمانت کیلئے عدالت جاتا ہوں، میں کیوں باہر نہیں جاتا، اگر عمران خان کرپٹ ہوتا تو نواز شریف کی طرح ملک سے دم دباکر بھاگ جاتا۔

قومی خبریں سے مزید