اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، نیوز ڈیسک) منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے ہونے والی فنڈنگ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کردیا تاہم مانیٹرنگ جاری رہے گی،وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہےکہ قومی وقار کی بحالی عوام کو مبارک ،آرمی چیف نے کلیدی کردار ادا کیا.
ڈی جی ایم او سمیت تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک ہو،بلاول بھٹو نے بھی قوم کو مبارکباد دی، حبیب بینک کے چیئرمین سلطان علی الانہ نےکہاکہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ہر سطح پر ٹیم ورک، کوآرڈی نیشن، توجہ اور عزم دیکھاگیا،سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے سلطان علی الانہ اور ٹیم کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کےمطابق فیٹف کا 2 روزہ اجلاس پیرس میں ہوا جس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرمملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر نے کی اجلاس کے بعد باقاعدہ فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ قانون پرمزید عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے صدر ٹی راجا کمار نے اس موقع پر پاکستان کی اس پیشرفت کا خیرمقدم اور ستائش کرتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا اور حکام کی جانب سے بڑی محنت کے بعد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی فنڈنگ کے حوالے سے کمزوری پر قابو پاتے ہوئے 34 نکات پر عمل درآمد مکمل کرلیا گیا.
پاکستان اب انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے انسداد پر مؤثر کام کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم نے تصدیق کی کہ اصلاحات کی گئی ہیں اور اصلاحات جاری رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کی قابلیت اور عزم ہے ،یہ اصلاحات ملک اور خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے اچھی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں مزید کام کی ضرورت نہیں،ہمیں امید ہے پاکستان نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے ریجنل شراکت دار ایشیا پیسفک گروپ سے تعاون جاری رکھے گا۔
ایف اے ٹی ایف کے صدر نے کہا کہ میانمار کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے، جس کی وجہ گزشتہ ڈھائی برس میں انسداد دہشت گردی اور منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں بڑے پیمانے پر حکمت عملی میں خامیاں ہیں۔
پیرس میں ورکنگ گروپ اور پلینری اجلاسوں میں عالمی نیٹ ورک کے 206 ارکان اور مبصر تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے مندوبین بشمول عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، اقوام متحدہ، ورلڈ بینک، انٹرپول اور ایگمونٹ گروپ آف فنانشل انٹیلی جنس یونٹس نے شرکت کی۔
2 روزہ بحث کے اختتام پر پلینری اجلاس میں طے کیے جانے والے فیصلوں کا اعلان کیا گیاایف اے ٹی ایف جس کا اجلاس گذشتہ تین روزصدر راجا کمار کی سربراہی میں ہو رہا تھا۔فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کیلئے غیرملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا۔
دوسری جا نب ایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ ʼاللہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی،عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ، فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ، پاکستان کےمؤقف کو تسلیم کیا.
وزیرخارجہ بلاول بھٹو، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک ہو، افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں، آرمی چیف کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتاہوں اور مبارک باد دیتا ہوں، اتحادی جماعتوں اور قائدین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔
صدر مملکت عارف علوی نے بھی کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اِس کاسہرا اُن تمام لوگوں کو جاتا ہے جنہوں نے اِس پر انتھک محنت کی۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں قوم کو اس پیش رفت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مبارک ہو، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سےباقاعدہ طور پر نکال دیا گیا ہے۔
دوسری جانب حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین سلطان علی الانہ نے کہاہےکہ آرمی چیف، موجودہ اور سابقہ ڈی جی آئی ایس آئی اور موجودہ اورسابقہ ڈی جی ایم او نے ایکشن پلان بنانے میں اہم کردار ادا کیااور ڈی جی ایم او کے دفتر کے تحت ایک ٹیم پیش رفت کی نگرانی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی تھی۔
ہمارا کردار عالمی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی شناخت کرنا، انہیں شامل کرنا اور ورک ٹیمپلیٹس کی تیاری میں ان کے ساتھ کام کرنا، ابتدائی تربیتی پروگرامز کو ڈیزائن کرنا اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا تھا،باقی ہمارے بزرگوں اور خیر خواہوں کی دعائیں تھیں۔
مجھے گرے لسٹ سے پاکستان کے کامیاب اخراج میں حکومت بالخصوص سابق اور موجودہ وزرائے اعظم کے مثبت کردار کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔اس اقدام کے لیے ہر سطح پر ٹیم ورک، کوآرڈینیشن، توجہ اور عزم موجودتھا، جو ان تمام کوششوں کے لیے ایک معیار طے کرتا ہے جو ہمارے پیارے ملک کی ترقی کے لیے ہیں یا ہو سکتی ہیں۔
ادھر فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرپرسن شبر زیدی نے حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین سلطان علی الانہ اور ان کی ٹیم کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کو یقینی بنانے کی کوششوں پر مبارکباد دی۔
شبر نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھاکہ ’’میں HBL کےچیئرمین سلطان علی الانہ اور ان کی ٹیم کو FATF کے حوالے سے بہترین اور انتھک محنت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قومی مسائل پر ہم متحد ہیں،پاکستان زندہ باد۔‘‘