• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پورے ملک میں الحمد للہ برسوں کے بعد رمضان المبارک کے چاند پر کوئی تنازع نہیں ہوا اور گزشتہ رات ملک کی لاکھوں مساجد میں تراویح کی نماز ادا گئی۔ خداکرے کہ یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے اور رمضان اور عید ین جیسے مبارک مواقع پر اب کبھی چاند پر تنازع کے باعث بدمزگی نہ ہو ۔ تاہم سحر و افطار کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود پشاور سے کراچی تک بہت سے مقامات پر گزشتہ رات عشاء کے وقت بھی اور سحری کے دوران بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔کراچی کے لوڈ شیڈنگ والے اکثر علاقوں میں رمضان کے آغاز کے باوجود معمول کے مطابق عشاء کی نماز کے دوران بجلی کی فراہمی بند رہی۔ تاہم یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے بستر علالت سے خود وزیر اعظم آفس کو سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیر اعظم گزشتہ روز ہی لندن میں دل کے آپریشن کے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے روزہ داروں کی سہولت کی خاطر بجلی کی فراہمی کے معاملے میں ذاتی دلچسپی لے کر خوشگوار طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔وفاقی وزیر پانی و بجلی کے مطابق گرمی کی شدت اور بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومت عوام کو بجلی کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور شہری اور دیہی علاقوں میںکوئی خلاف معمول لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ امید ہے کہ سحر و افطار کے اوقات کے دوران پورے ملک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم کی بستر علالت سے جاری کردہ ہدایت کے بعدمتعلقہ افراد اور ادارے کسی کوتاہی کے مرتکب نہیں ہوں گے نیز ایوان وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملے کی واقعی مؤثر نگرانی کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں کہیں بھی لوگ سحر وافطار کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشانی سے دوچارنہ ہوں۔
تازہ ترین