• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا بڑا یو ٹرن، ساتھ بیٹھیں، انتخابات کی تاریخ دیں ورنہ اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، مذاکرات کی مشروط پیشکش

لاہور(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف کا ایک اوربڑایوٹرن ‘عمران خان نے حکومت کو مشروط مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ہمارے ساتھ بیٹھیں‘ بات کریں اور عام انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلیاں توڑ دیں گے، آپ کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، ہمیں بتائیں کیا آپ چاہتے ہیں 66 فیصد پاکستان میں الیکشن ہوں اورآپ مرکز میں بیٹھے رہیں‘ ہم نے بڑی کوشش کی مگر یہ الیکشن کا نام نہیں لیتے‘یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں۔لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ان کو ڈر لگا ہوا ہے کہ جیسے ہی الیکشن ہوں گے یہ پٹ جائیں گے ‘ان کو ملک کی کوئی فکر نہیں ہے‘ ہر پاکستانی کو فکر مند ہونا چاہیے، یہ ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں کہ جب یہ جائیں گے تو ایسے حالات ہو جائیں گے کہ جو بھی حکومت آئے گی وہ سنبھال نہیں سکے گی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کے پاس کیا طریقہ ہے کہ ملک کو اس صورت حال سے نکالیں گے، ان کے پاس کوئی روڈمیپ نہیں ہے، اسحٰق ڈار نے شروع میں آ کر کہا کہ میں موڈیز کو بھی ٹھیک کردوں گا، آئی ایم ایف کو بھی ٹھیک کر دوں گا، آج وہ چپ کرکے بیٹھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 50سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے اور بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائمز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری لیے کوئی نقصان نہیں ہو رہا، گالیاں تو ان کو پڑ رہی ہیں لیکن ملک بیٹھتا جا رہا ہے، اگر ہم ابھی الیکشن کی طرف نہیں جاتے تو سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ٖفیصلہ کرلیا ہے، اس کا مقصد پاکستان ہے، ہمارے ملک کو اس وقت ضرورت ہے کہ ہم جلدی سے الیکشن میں جائیں، اس لیے کہ جب مستحکم حکومت آئے گی، باہر اور ملک میں مارکیٹس کو اعتماد ہوگا کہ حکومت 5 سال کے لیے آگئی ہے، پھر لوگ منصوبہ بندی کریں گے۔ عمران خان نے کہاکہ زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نااہل کرو اور جیل میں ڈالو، اسمبلی میں بیٹھ کر ان لوگوں نے اپنے کیسز ختم کرالیے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید