• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدلتے عالمی واقعات سے اردو افسانے، ناول کا متاثر ہونا لازمی امر تھا، زاہدہ حنا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل میں پندرھویں عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز ”اکیسویں صدی میں اردو فکشن“ کے موضوع پر سیشن کی صدارت کرتے ہوئے معروف ناول نگار زاہدہ حنا نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی کے آغاز میں عالمی حالات و واقعات اس تیزی سے رونما ہوئے کہ ان سے اردو افسانے اور ناول کا متاثر ہونا لازمی امر تھا، اس کے باوجود موجودہ دور کے فکشن نگاروں نے ہر موضوع پر قلم اٹھایا اور شاہکار ادب پیش کیا، بیسوی صدی کی طرح اکیسویں صدی میں بھی اس حوالے سے بہت بڑے امکانات ہمارے سامنے ہیں اور امید ہے کہ اس صدی میں بھی اردو افسانہ اور ناول بہت پر پھیلائے گا، ترقی پسند تحریک کی طرح گزشتہ بیس بائیس سال میں بھی بے حد عمدہ اور متاثرکن کہانیاں لکھی گئیں جس میں ہماری زندگی گرد و پیش اور گھریلو معاملات کو موضوع بنایا گیا، اصغر ندیم سید نے کہا کہ کہانی انسان کی سب سے قدیم ساتھی ہے جس نے ہماری اجتماعی یادداشت کا بوجھ اٹھا رکھا ہے، یہ ایک طلسم کدہ ہے جو وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے،ممتاز تنقید نگار حمید شاہد نے کہا کہ گزشتہ 22 برس میں دنیا ویسی نہیں رہی جیسے اس سے قبل ہوا کرتی تھی، اخلاق احمد نے کہا کہ عدم برداشت کا رویہ ہم سب کے مزاج میں تبدیلی لارہا ہے اور یہی فکشن نگاروں کی توجہ کا مرکز ہے، محمد حفیظ خان، فرحت پروین ، اختر رضا سلیمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید