• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ خواتین متاثر ہو رہی ہیں، شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی مرکزی خواتین سیکرٹری ایم پی اے شکیلہ نوید دہوارنے کہا ہے کہ خواتین کی قومی تحریک میں شامل ہوئے بغیرکسی صورت قومی سیاست کو بہتر انداز میں پروان نہیں چڑھایا جاسکتاہے ، موجودہ گھمبیر صورتحال میں سب سے زیادہ خواتین متاثر ہو رہی ہیں اس کا ازالہ خواتین کی سیاست میں فعال کردار سے ہی کیا جا سکتا ہے۔یہ بات انہوں نے بی این پی کوئٹہ کے زیراہتمام جاری تنظیم سازی مہم کے سلسلے میں خواتین یونٹوں کے قیام کے سلسلے میں برما ہوٹل کلی نیک محمد لہڑی میں پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی کی رہائش گاہ اور کرانی روڈ مصطفی آباد میں مرحوم ڈاکٹر عبدالستار بنگلزئی کی رہائش گاہ پر الگ الگ منعقدہ خواتین اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجتماعات سے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی اراکین جمیلہ بلوچ ، ثانیہ حسن کشانی ایڈووکیٹ ، شمائلہ اسماعیل مینگل اور ضلعی سیکرٹری منورہ سلطانہ سمالانی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر نئے خواتین یونٹوں کے عہدیداروں کاانتخاب بھی عمل میں لایا گیا،پارٹی رہنماوں نےنو منتخب خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ خواتین کی ممبر شپ میں اضافہ اور خواتین کی زیادہ سے زیادہ سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔مقررین نے کہا کہ خواتین زیادہ سے زیادہ پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیکر قومی تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اگر معاشرے کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی خواتین بلوچ قومی حقوق کی سیاست اور جدوجہد میں سرگرم نہیں ہوں گی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہماری آبادی کا نصف حصہ مکمل طور پر سیاسی امور سے دور و لا تعلق ہے اس کے سماج و معاشرے پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہونگے اور نہ ہماری سیاست مکمل ہوگی ، بی این پی خواتین کیلئے یہ موقع فراہم کررہی ہے کہ وہ پارٹی کی تنظیمی امور سیاسی و سرگرمیوں میں بلوچ بھائیوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں اور بلوچستان کو سیاسی و بحرانی کیفیت اور انتشار سے نکالنے کے لئے سیاسی و جمہوری طریقے سےجد و جہدکریں۔
کوئٹہ سے مزید