• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات پر تیار مگر یوکرین سے انخلا نہیں کرینگے، روس

ماسکو (نیوز ڈیسک) روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ صدر پیوٹن امریکی ہم منصب جوبائیڈن کے ساتھ، مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن روسی فوجوں کو یوکرین سے نکالنے پر تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں فوجی آپریشن جاری ہے اور اس کے ساتھ ملاقاتوں اور مذاکرات کا راستہ کھلا رہے گا۔ امریکا نے روس کے الحاق کردہ علاقوں کو تاحال تسلیم نہیں کیا اور اس چیز نے دو طرفہ بحث و مباحثے کے راستے کو دشوار بنا دیا ہے۔ صدر پیوٹن نے یوکرینی جنگ سے قبل بھی امریکا ، نیٹواور یورپی یونین کو مذاکرات شروع کرنے کی پیش کش کی تھی،تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔ ادھر امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر روسی صدر یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار ہوں۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ڈونٹسک کے علاقے اوریخوواتکا میں امریکی ساختہ ہیمارس میزائل سے حملے کی کوشش کی گئی،جسے ناکام بنادیا گیا۔ جوابی کارروائیوں کے دوران یوکرین کے 90 فوجی ہلاک اور اس کے 7 ٹینک تباہ ہوئے۔اس کے علاوہ ڈونٹسک اور دیگر علاقوں بھی یوکرین کے میزائلوں کے 3گوداموں اور3ڈرون کو تباہ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ روس نے رواں برس فروری میں یوکرین میں فوجی مہم کا آغاز کیا تھا ۔ اس کے بعد سے امریکا سمیت مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو بھرپور فوجی اور مالی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔
یورپ سے سے مزید