• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں طفیل کے صاحبزادے میاں حسن کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کے سابق امیر میاں طفیل محمد ؒکے صاحبزادے میاں حسن فاروق مرحوم کی یاد میں منصورہ میں تعزیتی ریفرنس ہوا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خصوصی خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چودھری، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، رہنما جماعت اسلامی حافظ ادریس، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، میاں طفیل کے خاندان کے افراد اور مردو خواتین کی بڑی تعداد نے ریفرنس میں شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ میاں طفیل محمدؒ کا خاندان سابق امیر کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔، میاں حسن نے تمام زندگی اعلی اخلاقی اقدار کے مطابق بسر کی، وہ سیرت و کردار کا بہترین نمونہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قائدین جماعت کی خواہش رہی کہ ان کی اولاد تحریک کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے، مگر اس حوالہ سے میاں طفیل منفرد اور خوش قسمت ہیں کہ ان کی خواہشات پر سو فیصد عمل درآمد ہوا۔ میاں طفیل کی تمام اولاد کی تحریک کے لیے خدمات ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہ تحریک اسلامی کی فکر اور نظریہ سید مودودیؒ نے پیش کیا تو اس پودے کی آبیاری میاں طفیل محمدؒ نے کی اور اسے مکمل سانچہ میں ڈھالا۔ دیگر مقررین نے میاں حسن کی دینی اور تحریکی خدمات کو سراہا اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔
لاہور سے مزید