• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاعی چیمپئن فرانس کی پیشقدمی جاری، کوارٹر فائنل میں رسائی، پولینڈ کے خواب چکناچور

کراچی(شکیل یامین کانگا /جنگ نیوز) عالمی شہرت یافتہ اسٹرائیکر ایم باپے کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دفاعی چیمپئن فرانس نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ گروپ کے ٹاپ 16 میں پولینڈ کو 3-1 کی شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ایم باپے نے دو جبکہ اولیور جیرو نے ایک گول کرکے حریف ٹیم کے خواب چکنا چور کردیے۔ پہلے ہاف میں شدید دباؤ اور مسلسل حملوں کے باوجود پولینڈ کے کھلاڑیوں نے دفاعی چیمپئن ٹیم کو صرف ایک گول کرنے کا موقع دیا لیکن دوسرے ہاف میں وہ اسے تابڑ توڑ حملوں سے نہ روک سکے۔ پولینڈ نے پہلے ہاف میں بہتر فٹ بال کھیلا لیکن وہ اپنے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا ۔ وقفے سے قبل جیرو نے فرانس کو برتری دلائی۔ تین گول کھانے کے بعد کھیل کے اختتامی لمحات میں لیوانڈوسکی نے ملنے والی پینلٹی پر گول کرکے خسارہ 3-1کیا۔ فرانسیسی ٹیم کو میچ میں سات جبکہ پولینڈ کو ایک کارنر ملا۔ الثماما اسٹیڈیم میں پہلا ہاف انتہائی دلچسپ رہا۔ 13ویں منٹ میں فرانسیسی کھلاڑی کی خوبصورت ہٹ کو پولینڈ کے گول کیپر روکا، دوسرے حملے میں ایمباپے کی ہٹ نیٹ کے باہر حصے سے ٹکراتی ہوئی باہر چلی گئی، 38 ویں منٹ میں پولش ٹیم نے جوابی حملہ کیا جسے پہلے فرانسیسی گول کیپر نے روکا لیکن گیند آگے چلی گئی ۔ پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل جیرو نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں بھی فرانس کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور ایم باپے نے کھیل کے 74ویں اور انجری ٹائم میں گول کرکے ٹیم کی برتری 3-0 کردی۔ کھیل کےآخری لمحات میں پولش ٹیم نے فرانس کے گول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑی کے ہاتھ پر گیند لگی اور پولینڈ کے رابرٹ لیوانڈوسکی نے باسانی گیند کو جال میں پھینک کر اسکور3-1کردیا۔ فرانس کے سپر اسٹار 23 سالہ ایمباپے دو گول کرکے اب تک 5 گول کے ساتھ رواں ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر ہوگئے۔ یہ گول انہوں نے عثمان ڈیمبلے اورتھورم کے پاس پر بنائے۔ فرانس کا پہلا گول ان کے ’’چھپے رستم‘‘ مڈفیلڈر اولیور جیرو 44 ویں منٹ میں ایمباپے کے پاس پر بنایا۔ اس طرح جیرو نے فرانس کی طرف سے زیادہ گول کرنے کا تھیڑی ہنری کا ریکارڈ توڑ دیا ان کا پولینڈ کے خلاف 53 واں گول رہا۔ ہنری نے 52گول اسکور کئے تھے۔

اسپورٹس سے مزید