• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں ڈاکو راج، شہری غیرمحفوظ، پولیس ناکام، محمود آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر دودھ فروش قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکو راج ،شہری غیر محفوظ ،پولیس وارداتوں کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق محمود آباد اعظم ٹائون گلی نمبر 10مقدس مسجد کے قریب واقع دودھ کی دکان پر مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خرم ولد اشرف جاں بحق ہوگیا ، لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، مقتول دودھ کی دکان کا مالک اور آبائی تعلق پنجاب سے تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو کم عمر ملزمان کو پیدل دکان پر آتے دیکھا جا سکتا ہے،ملزمان نے دودھ کی دکان میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے کے لئے وہاں موجود ایک شہری سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور شہری کو روکنے کے لئے ملزمان نے شہری پر فائرنگ بھی کی،واقعہ کے بعد ملزمان تاریک گلیوں سے پیدل فرار ہوگئے، تاہم حسب روایت پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، دریں اثنا سرجانی عرب گوٹھ میں فائرنگ کے واقعہ میں 50سالہ شکر خان زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کے باعث پیش آیاہے، گلشن معمار جنجال گوٹھ قبرستان کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 25سالہ عبدالمالک ولد سعید خان زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود مفتی محمود چوک میں فائرنگ کے واقعہ میں 24سالہ زوہیب خان ولد گل رحیم زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید