کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،حکومتی یقین دہانیوں اور آئی ایم ایف 9ویں جائزے کے مذاکرات بحال ہونے کی اطلاعات پر مارکیٹ میں سرگرمی ،مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی خریداری سے تیزی کا رحجان ، کے ایس ای100انڈیکس میں 279پوائنٹس کا اضافہ ،58.68 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں 27ارب 65 کروڑ 25 لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 68.17 فیصد زیادہ رہا، حکومت کی جانب سے مالیاتی ایمرجنسی کی تردید،سرمایہ کاروں کو جلد معاملات میں بہتری کی یقین دہانی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات بحالی کی اطلاعات پر بدھ کو مارکیٹ میں گذشتہ کئی روز کے بعد سرگرمی دیکھنے میں آئی ،مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی خریداری سے ٹریڈنگ کا آغاز ہی مثبت زون میں ہوا جس کے بعد دن بھر تیزی کا رحجان غالب رہا اور ایک موقع پر 100انڈیکس 361 پوائنٹس پلس میں چلا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 279.35 پوائنٹس کے اضافے سے 41819.29 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 82.86 پوائنٹس کے اضافے سے 15448.12 پوائنٹس پر آگیا اور آل شیئرز انڈیکس 117.26 پوائنٹس کے اضافے سے 28202.25پوائنٹس ہو گیا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 27ارب 65 کروڑ 28 لاکھ 32ہزار روپے کے اضافے سے 6658 ارب 20 کروڑ ایک لاکھ 6ہزار روپے ہو گئی۔